• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیساکھی میلہ ، سکھ یاتریوں کا واہگہ بارڈرپر شاندار استقبال، حسن ابدال روانہ

لاہور (نمائندہ جنگ)سکھ مذہب کے تہوار بیساکھی میلہ کی 14اپریل کو مرکزی تقریب میں شرکت کے لئے بھارت سے ایک ہزار کے قریب سکھ یاتری پارٹی لیڈر سردار گرومیت سنگھ بھوگ کی قیادت میں واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے ہیں ،واہگہ بارڈر پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا ، سکھ یاتری حسن ابدال روانہ ہوگئے،سکھ یاتریوں نے کہا کہ گورو کی دھرتی کے درشن کر کے بہت خوش ،اعلیٰ انتظامات پر پاکستان کے شکر گزار ہیں،۔ 14 اپریل کو مرکزی تقریب میں اعلی حکومتی نمائندے اور سکھ رہنماءشرکت کریں گے ۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز طارق وزیر نے مہمانوں کو گلدستے پیش کرتے ہوئے خوش آمدید کہا ، پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمران گوندل ،بورڈ ترجمان عامر حسین ہاشمی ،سابق پردھان سردار بشن سنگھ ،سردار امیر سنگھ ،سردار اندر جیت سنگھ ،رویندر سنگھ ،امجد الطاف سمیت دیگر افسران و سکھ رہنماءبھی ہمراہ موجود تھے ۔ سکھ یاتریوں نے کہا کہ ہمیں اپنے گورو کی دھرتی کے درشن کر کے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔پارٹی لیڈر سردار گوو میت سنگھ بھوگ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے دل میں بہت سی خوشیاں اور ارمان لیکر میلہ منانے پاکستان کے لیے آئے ہیں اور اتنی زیادہ تعداد میں ویزے جاری کرنے پر ہم بہت شکر گزار ہیں۔ پردھان سردار ستونت سنگھ کا کہنا تھا کہ ہم اعلی ٰٰانتظامات پر حکومت پاکستان اور ٹرسٹ بورڈ انتظامیہ کے شکر گزار ہیں یاتریوں کو سخت سکیورٹی حصار میں حسن ابدال روانہ کر دیا گیا ۔

تازہ ترین