• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، ایک روز میں 135 کورونا اموات، مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد


پاکستان میں کورونا وبا کے باعث سو سے زیادہ اموات کا سلسلہ جاری ہے، ملک میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 135 افراد کورونا سے انتقال کر گئے ۔ اموات کی یہ تعداد جون 2020 کے بعد ایک روز میں سب سے زیادہ ہے ۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 681 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 135 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 3 ہزار 645 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 10 فیصد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 754 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 34 ہزار 423 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 48 ہزار 92 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 8 لاکھ 78 ہزار 86 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 76 ہزار 757 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 216 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 41 ہزار 912 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 69 ہزار 840 ہو چکی ہے، جبکہ کُل اموات 4 ہزار 530 ہو گئیں۔

تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں اب تک 2 لاکھ 55 ہزار 571 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 7 ہزار 141 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 1 ہزار 45 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 2 ہزار 732 ہو گئیں۔


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 67 ہزار 491 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 619 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 20 ہزار 499 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 219 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 14 ہزار 837 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 410 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 5 ہزار 140 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 103 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تازہ ترین