• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت وزرأ خارجہ UAE میں، ملاقات کی قیاس آرائیاں، تردید

کراچی (نیوز ڈیسک) پاک اور بھارت کے وزرأ خارجہ کی متحدہ عرب امارات میں موجودگی پر دونوں رہنماؤں میںملاقات کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں تاہم پاک بھارت حکام نے ملاقات کی تردید کردی ہے ۔ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہفتے کو تین روزہ دورے پر دبئی پہنچے تھے جبکہ ان کے بھارتی ہم منصب جے شنکر اتوار کو ابو ظہبی پہنچے ۔ دونوں وزرأ خارجہ کی موجودگی کو اس لئے اہمیت دی جارہی کہ اماراتی سفیر دونوں ممالک میں ثالثی کی کوششوں کی تصدیق کرچکے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سینئر سفارتکار کی جانب سے نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان ثالثی کی کوششیں کرنے کی تصدیق کے بعد بھارت اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے دورے کو علیحدہ دوطرفہ دورہ سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم، اسلام آباد اور نئی دہلی میں ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں شخصیات کے درمیان کسی بھی طرح کے باہمی مذاکرات کا شیڈول طے نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ تین ہفتوں سے بھی کم وقت کے دوران یہ دوسری مرتبہ ہے کہ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں۔ جئے شنکر کو متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے دورے کیلئے ابو ظہبی آنے کی دعوت دی تھی۔ قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے امریکا میں متعین سفیر نے تصدیق کی تھی کہ ان کا ملک بھارت اور پاکستان کے درمیان صحتمند اور فعال تعلقات کے قیام کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔ سفیر یوسف الاوتیبہ نے کہا تھا کہ ہم مددگار بننے کی کوشش کر رہے ہیں اور دونوں ملکوں پر اپنا اثر رسوخ استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کشمیر میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کی بحالی کیلئے کی جانے والی کوششوں کا بھی ذکر کیا اور توقع ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہو جائیں گے۔

تازہ ترین