• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیٹرول بحران پر انکوائری رپورٹ حکومت کیخلاف چارج شیٹ ہے، شیری رحمٰن

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہاہے کہ پیٹرول بحران پر انکوائری رپورٹس میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں، رپورٹ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے ،بحران میں عوام سے اربوں روپے لوٹے گئے اس کا حساب کون دیگا؟ عوام کو ان رپورٹز سے کوئی فائدہ نہیں، مجرموں کو سامنے لائو۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پیٹرول بحران پر انکوائری رپورٹ میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں،یہ ایک مصنوعی بحران تھا۔ انہوںنے کہاکہ پیٹرولیم ڈویژن اور آئل کمپنیوں کو ذمہ دار ٹھرایا گیا، عالمی منڈی میں کم قیمتوں کو بحران میں تبدیل کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ ڈی جی آئل کی تعیناتی بھی غیر قانونی تھی، 20 روز کا تیل ذخیرہ نہیں کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ مافیا کو ذخیرہ اندوزی کرنے دی گئی۔ انہوںنے کہاکہ ڈی جی آئل کی غیر قانونی تعیناتی سے لیکر 20 دن کا ذخیرہ نا کرنا سب ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا تھا، بحران میں عوام سے اربوں روپے لوٹے گئے اس کا حساب کون دیگا؟انہوں نے کہاکہ عوام کو ان رپورٹز سے کوئی فائدہ نہیں، مجرموں کو سامنے لائو، پیٹرول بحران رپورٹ نے حکومت کی نااہلی کو بےنقاب کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے پیٹرول کا بحران ہوا، مصنوعی بحران کے پیچھے تباہی سرکار خود تھی۔

تازہ ترین