• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے تمام مطالبات تسلیم کرلیے، جہانگیر ترین کے حامیوں کا دعویٰ


تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے حامی ارکان نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تمام مطالبات تسلیم کیے جانے کا دعویٰ کردیا۔

جہانگیر ترین معاملے پر وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد رکن قومی اسمبلی راجا ریاض اور نذیر چوہان نے میڈیا سے گفتگو کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نے تمام مطالبات تسلیم کرلیے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ ہر صورت انصاف ہوگا، وہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔


راجا ریاض نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم کے سامنے شہزاد اکبر سے متعلق تمام تحفظات رکھ دیے ہیں، ہمیں اپنے کپتان پر اعتماد ہے وہ انصاف کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہم سے کہا کہ معاملہ مجھ پر چھوڑ دیں، میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دوں گا۔

نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے تفصیل سے ہماری بات سنی، ہم نے اپنے تحفظات اُن کے سامنے رکھ دیے، وزیراعظم نے ان کی تمام باتیں مان لیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دوران ملاقات مطالبہ کیا کہ شہزاد اکبر کی ٹیم سے کیسز لے کر غیر جانبدار ٹیم کو معاملہ سپرد کردیں۔

نذیر چوہان نے مزید کہا کہ شہزاد اکبر سے متعلق تحفظات پر کہا کہ جہانگیر ترین کیس خود مانیٹر کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر ترین کے حامی ارکان کی آپس میں بھی مشاورت ہوئی اور حکمت عملی مرتب کی گئی۔

تازہ ترین