چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی اپنے منصب پر رہنے کا اخلاقی جواز کھوچکے ہیں۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جسٹس فائز عیسیٰ کیس کی نظرثانی کی درخواست پر فیصلہ خوش آئند ہے، سپریم کورٹ پر حملے کی نیت سے ریفرنس آگے بڑھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے دراصل عدلیہ پر حملے کی کوشش کی تھی، جو بھی عدلیہ پر حملے کی سازش کا حصہ بنے، ان کرداروں کا محاسبہ ہونا چاہیے۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ احتساب کا آغاز وزیراعظم عمران خان سے ہونا چاہیے، ریفرنس کا ایک مقصد ہر آزاد جج کو خوف زدہ کرنا بھی تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ عدلیہ پر حملے آمریت کی علامتیں ہیں، صدر عارف علوی اپنے منصب پر رہنے کا اخلاقی جواز کھوچکے ہیں، انہیں فوری طور پر مستعفی ہونا ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ شہزاد اکبر اور فروغ نسیم کوعہدوں سے ہٹا کر ان کے خلاف تحقیقات کی جائیں، جسٹس فائز عیسیٰ کے حوالے سے سارا معاملہ حکومت کے خلاف فرد جرم ہے۔
انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی عدالتی قتل اور 3 نسلوں سے عدلیہ کے نامناسب رویےکا شکار رہی، ہم آزاد اور مضبوط عدلیہ کے معاملے پر ہمیشہ کی طرح اٹل ہیں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ آئین کی بالادستی کے ساتھ ہے، ہم عدلیہ کے خلاف کسی سازش کا سہارا نہیں بن سکتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ فرد کی نہیں بلکہ قانون کی حاکمیت جمہوریت کا سب سے بڑا اصول ہے۔