• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بطور ریاست فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا، نور الحق قادری

وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہاکہ پاکستان بطور ریاست و حکومت فلسطینی قوم کے ساتھ اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھےگا۔

ترکی کی میزبانی میں بیت المقدس کی تازہ صورتحال پر ہنگامی ورچوئل کانفرنس ہوئی، جس میں پاکستان سمیت 60 ممالک کے 100 سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔

بیت المقدس کی صورتحال ویڈیو لنک کانفرنس پر وزارت مذہبی امور نے اعلامیہ جاری کیا ہے۔


اعلامیے کے مطابق کانفرنس میں اسلامی ممالک کے وزرائے مذہبی امور، مفتیان اور مذہبی امور کے صدور نے شرکت کی۔

کانفرنس میں ترکی کے وزیر مذہبی امور نے اپنے ابتدائی کلمات میں صدر طیب اردوان کاخصوصی پیغام سنایا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے حکومتی موقف پیش کیا۔

نور الحق قادری نے کہاکہ پاکستان بطور ریاست و حکومت فلسطینی قوم کے ساتھ اخلاقی، سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا القدس کے ساتھ دینی، قلبی اور روحانی تعلق ہے، مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور نہتے فلسطینیوں پر انسانیت سوز مظالم ناقابل قبول ہیں۔

نور الحق قادری نے مزید کہا کہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور بربریت کسی ایک مذہب یا قوم کے خلاف نہیں بلکہ انسانی المیہ ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ اسرائیلی فوج کی بزدلانہ کارروائی مذہبی آزادی اور دینی حریت پرحملہ ہے۔

وزیر مذہبی امور نے کہاکہ اقوام متحدہ اورسلامتی کونسل ہنگامی طور پر مسئلہ کی سنگینی کی طرف متوجہ ہو جبکہ اسلامی ممالک کی تنظیم کو بھی فوری، موثر اور مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔

قومی خبریں سے مزید