• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی مظالم، ملی یکجہتی کونسل کا آج ملک گیر احتجاج کا اعلان

اسلام آباد(نیوز رپورٹر ، اپنے نامہ نگار سے ) ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے اسرائیلی مظالم کے خلاف آج ملک گیر احتجاج کی کال دے دی ، اسلام آ باد میں جی نائن 2 کمیونٹی سنٹر سے ڈی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی جائیگی ،کونسل نے اپنے مشترکہ بیان میں اسلامیانِ پاکستان سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے انسانی اور اسلامی فریضے کو ادا کرتے ہوئے صہیونی مظالم کے خلاف احتجاج کے لیے اُٹھ کھڑے ہوں، قبلہء اول کی حفاظت اور آزادی، عالمِ اسلام کی مشترکہ ذمہ داری ہے،بیان میں فلسطینیوں بالخصوص غزہ اور بیت المقدس کے مسلمانوں کی پامردی اور شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، سبھی آزادی پسندوں، ظلم سے نفرت کرنے والے اہلِ وطن سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس وحشت اور بربریت کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں،کونسل کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر زبیر، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور دیگر مرکزی رہنماؤں میں سراج الحق ، علامہ سید ساجد علی نقوی ، علامہ راجہ ناصر عباس اور دیگر شامل ہیں، دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ میں راجہ ناصر عباس، علامہ ثاقب اکبر، عبد اللہ حمید گل، مولانا حبیب احمد نظیری، نیئر عباس بلوچ اور مفتی امجد عباس دیگر رہنمائوں نے پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے آج اسلام آ باد میں چار بجے شام جی نائن ٹو کمیونٹی سنٹر اسلام آ با د سے ڈی چوک تک احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ، ریلی میں کار اور موٹر سائیکل سوار شامل ہوں گے۔کانفرنس میں ملی یکجہتی کونسل کی طرف سے مشترکہ اعلامیہ بھی پیش کیا گیا جس میں کہا گیا کہ اسرائیل ایک غاصب، انتہاپسند اور دہشت گردریاست ہے،جسے عالمی سامراج نے دھونس دھاندلی ، پیسے اور اسلحے کے زور پر فلسطینی سرزمین پر مسلط کر رکھا ہے،اس ناکام اور غیر فطری ریاست کا زوال نوشتہ دیوار ہے، اس کا خاتمہ دیر یا بدیرناگزیر ہے ۔

تازہ ترین