• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ موسمیات کے اندازے غلط، کراچی میں گرد آلود طوفان، ہلکی بارش، 3 افراد ہلاک، بجلی غائب

کراچی (نیوز ڈیسک / اسٹاف رپورٹر) کراچی شہر پر بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان ’تاوتے‘ کے اثرات کے حوالے سے محکمہ موسمیات کےاندازے غلط ثابت ہوگئے اور اچانک گرد آلود طوفان نے ہلچل مچادی، مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ، طوفانی ہواؤں کے باعث کئی علاقوں میں کھمبے ، درخت گرگئے ، مکانات کی چھتیں اُڑ گئیں اشتہاری بورڈ گرگیا۔

آئی آئی چندریگر روڈ پر نجی بینک کی عمارت اور دیگر عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، شہر میں مختلف حادثات کے باعث خاتون اور 10سالہ بچےسمیت4؍ افراد جاں بحق ہوگئے، ادھر بارش کا پہلا قطرہ پڑتے ہی ہمیشہ کی طرح آدھا کراچی بجلی سے محروم ہوگیا، کے الیکٹرک کے 1900میں سے 800فیڈر ٹرپ کرگئے، شہری بجلی بحالی کا انتظار کرتے رہے۔

تیز ہواؤں سے تاریں بھی گرگئیں ۔ تفصیلات کےمطابق منگل کی شام بحیرہ عرب کے طوفان کی معمولی جھلکیاں کراچی میں بھی دیکھی گئیں، پہلے ہلکے پھلکے بگولے آئے اور پھر گرد آلود طوفان نے پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، 86.4؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی کے ساتھ کالی گھٹائیں بھی چھا گئیں، بعض علاقوں میں مکانات کی چھتیں اُڑ گئیں۔

دیواریں ، درخت ، بجلی کے تار اور پی ایم ٹی گرنے کی بھی اطلاعات، متعدد موٹر سائیکلیں پھسل گئیں، راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال پر لگا اشتہاری بورڈ گرگیا، دو افراد زخمی ہوگئے ، آئی آئی چند ریگر روڈ پر کثیر منزلہ بینک کے شیشے اکھڑ گئے، مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔ 

ادھر آندھی اور تیز ہواؤں کے بعد مختلف علاقوں میں گھر کی دیوار یں اور چھت گر نے کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 4؍ افرادجاں بحق ہو گئے۔ بلدیہ ڈبہ کالونی کے قریب چھت گرنے سے خاتون سمیت2افرد جاں بحق ہوئے ،شیر شاہ محمدی روڈ کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہو گیا۔ 

پولیس کے مطابق جاں بحق ہو نے والے بچے کی فوری شناخت نہیں ہوسکی عمر10سال ہے۔ بلدیہ 12نمبرکے قریب گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جس کی شناخت 40سالہ ناصر ولد عثمان کے نام سے ہوئی۔ دوسری جانب کراچی میں بارش کا پہلا قطرہ پڑتے ہی ہمیشہ کی طرح آدھا شہر بجلی سے محروم ہو گیا ۔ 

کے الیکٹرک کے 1900 میں سے تقریباً800 فیڈر ٹرپ کرگئے جس پر شہریوں نے کہا کہ کراچی میں بارش سے پہلے بھی لودشیڈنگ جاری تھی اور بعد میں بھی بجلی بند ہوگئی تفصیلات کے مطابق منگل کی شام آندھی ،گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش کے باعث شہر کے ایک بڑے حصے کو بجلی کی فراہمی بند ہوگئی متاثرہ علاقوں میں گلشن اقبال،اسکیم 33 ،اورنگی ٹاؤن،نیو کراچی،سرجانی ،نارتھ ناظم آباد،ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا،گڈاپ،سائٹ ،اولڈ سٹی ایریا، گارڈن ویسٹ ، عثمان آباد ، غازی نگر ، عظیم پلازہ ، کورنگی، ملیر، لانڈھی سمیت دیگر علاقے شامل تھے۔ 

کے الیکٹرک نے بعض علاقوں کی بجلی جلد بحال کر دی لیکن متعدد علاقوں میں کئی گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہونے کی اطلاعات ملیں جس سے گرم موسم میں لوگوں کو مشکلات رہیں اور شہری بجلی بحال ہونے کا انتظار کرتے رہےتیز ہواؤں سے بعض مقامات پر تاریں گرنے کی اطلاعات ملیں جبکہ اورنگی ٹاؤن نمبر 4ہزارہ چوک میں ایک پی ایم ٹی گر گئی سڑکوں پر تاریں گرنے سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

تازہ ترین