• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاپ کارن کھانے کے صحت پر مثبت فوائد

پاپ کارن (مکئی) ایک ایسی ہلکی پھلکی غذا ہے جسے بچے بڑے سب ہی بہت شوق سے کھاتے ہیں، بعض اوقات بے وقت کی بھوک مٹانے کے لیے بھی انہیں کھایا جاتا ہے، پاپ کارن نہایت آسانی سے تیار ہو جانے والی غذا ہے مگر بہت کم لوگ اس کی افادیت سے متعلق صحیح جانتے ہیں۔

پاپ کارن استعمال کی جانے والی ایک قدیم غذا ہے جس کے استعمال کے صحت پر بے شمار مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

پاپ کارن ایک مکمل غذا ہے جس میں وٹامنز، منرلز اور ڈائیٹری فائبر جیسے اہم غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ پاپ کارن میں پوٹاشیم، زنک، کاپر اور فاسفورس بھی اچھی مقدار میں موجود ہیں، اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور یہ غذا کیلوریز اور فیٹ میں کم ہونے کے ساتھ چینی اور سوڈیم کے بغیر ہوتی ہے۔

امریکن ڈائیبٹِک سوسائٹی کے مطابق پاپ کارن کا استعمال خطرناک خاموش  بیماری ذیابطیس اور دل کے امراض سے تحفظ میں مدد فراہم کرتا ہے۔

پاپ کارن کے استعمال کے نتیجے میں صحت پر آنے والے مثبت فوائد مندرجہ ذیل درج ہے۔

پاپ کارن اینٹی آکسیڈنٹس خصوصیات سے بھرپور

پاپ کارن میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور پولی فینولز دل سے متعلق امراض، بڑھتی عمر کے عوارض جیسے کہ ڈیمینشیا، الزائمر، نظر کی کمزوری، بالوں کا جھڑنا وغیرہ کے سدباب میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ 

تحقیق کے مطابق پاپ کارن میں سبزیوں اور پھلوں سے زیادہ اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں اور ان کی زائد مقدار جسم میں دفاعی صلاحیت کو بڑھاتی ہے۔

وزن میں کمی کا سبب

پاپ کارن میں شوگر اور چکنائی کی مقدار نہیں پائی جاتی ہے، اس میں کیلوریز بھی بہت کم پائی جاتی ہیں، ایک چھوٹے سے پاپ کارن کے کپ میں صرف 30 کیلوریز ہو سکتی ہیں۔

اس میں موجود فائبرآپ کی بھوک کو ایک طرف رکھ کر آپ کو خالی پیٹ ہونے کا احساس نہیں ہونے دیتا، وزن کم کرنے والوں کے لیے پاپ کارن ایک اچھی خوراک ہے، تاہم عام طور سے لوگ ذائقے کے لیے اس میں فیٹ، چینی اور سوڈیم شامل کر دیتے ہیں جو کہ فائدہ دینے کے بجائے وزن بڑھانے کا باعث بنتے ہیں۔

صحت برقرار رکھنے میں معاون

مکئی میں فائبر کے علاوہ منرلز، کمپلیکس کاربوہائڈریٹس، بی کمپلیکس وٹامن اور وٹامن ای بھی ہوتے ہیں، فائبر کی موجودگی نظامِ ہاضمہ کو بہتر حالت میں رکھتی ہے، ہاضمہ بہتر ہونے کا مطلب ہے کہ جسم کی تمام تر صحت بہتر حالت میں ہے۔

متوازن بلڈ شوگر 

پاپ کارن میں موجود فائبر جسم میں بلڈ شوگر اور انسولین کو لیول پر رکھنے میں مدد کرتا ہے، جو لوگوں میں فائبر کی کمی ہونے کی وجہ سے کم ہو جاتا ہے، اگر آپ ذیابطیس کے مریض ہیں تو آپ کو پاپ کارن کا ایک چھوٹا کپ اپنی روزانہ کی خوراک کا حصہ بنانا چاہیئے تا کہ آپ اپنے جسم میں بلڈ شوگر کے اتار چڑھاؤ سے محفوظ رہ سکیں۔

اضافی کولیسٹرول میں کمی کا سبب

فائبر سے بھرپور ہونے کے باعث پاپ کارن خون کی شریانوں سے تمام تر اضافی کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، اس کے نتیجے میں دل بہتر طریقے  سے کام کرتا ہے اور دل کے امراض اور اسٹروک وغیرہ سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔

خلیوں کی حفاظت، متاثرہ خلیوں کی مرمت

ایک تحقیق کے مطابق پاپ کارن میں پولی فینول نامی اینٹی آکسیڈنٹ ہوتا ہے جو جسم میں داخل ہوکر خلیوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو روکتا ہے۔

پاپ کارن کا ایک پیالہ کسی بھی شخص کو ایک دن میں درکار پولی فینول کا 13 فیصد فراہم کرتا ہے۔ 

پاپ کارن کے اندر کا سخت حصہ جو دانتوں میں پھنس جاتا ہے یہی سخت حصہ پولی فینول اور ریشے کا سب سے بڑا ذریعہ ہوتا ہے۔

مکئی کے دانوں کو اگر مکھن، تیل یا نمک میں ڈال کر بھونیں تو اس کی غذائیت اور افادیت میں کمی آجاتی ہے۔ 

اگر اسے بغیر کچھ ملائے بھونا اور کھایا جائے تو اس کے ایک پیالے سے ایک شخص کی پورے دن کی 70 فیصد غذائی ضرورت پوری ہو سکتی ہے۔

تازہ ترین