• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمی کی شدت کم کرنے والی صحت بخش غذائیں

موسم گرما کے آتے ہی لو چلنے اور تیز دھوپ کے باعث انسان  کےجسم  میں پانی اور نمکیات کی کمی ہو جاتی ہے، گرمی کے سبب بھوک نہیں لگتی، گرمی سے پیٹ کی بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں، طبی ماہرین کی جانب سے چند ٹھنڈی تاثیر رکھنے والی صحت بخش غذائیں تجویز کی جاتی ہی جن کا استعمال نا صرف تروتازہ و توانا رکھتا ہے بلکہ لو لگنے سے بھی بچاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق موسم گرما کے آتے ہی سب سے پہلے ہر عمر کے فرد کے لیے ضروری ہے کہ وہ پانی کے استعمال کی مقدار بڑ ھا دے، اس کے علاوہ سادہ اور گھر میں بنے کھانوں، موسمی اور ٹھنڈی تاثیر والی سبزیوں کا استعمال اپنی غذا میں ضرور شامل کرنا چاہیے، سبزیاں نہ صرف انسانی مجموعی صحت کے لیے مفید ہیں بلکہ گرمی کی شدت اور لو سے بھی بچاتی ہیں۔

غذائی ماہرین کی جانب سے گرمیوں میں جن سبزیوں کا استعمال بڑھا دینا چاہیے ان کی فہرست مندرجہ ذیل درج ہے، ان کے استعمال سے نہ صرف گرمیاں سکون سے گزر سکتی ہیں بلکہ صحت پہلے سے بھی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔

پیاز کا استعمال

گرمیوں کے آتے ہی معدنیات سے بھر پور سبزی پیاز کا استعمال بطور سلاد بڑھا دینا چاہیے، پیاز میں آئرن، اینٹی آکسیڈینٹ اجزا، وٹامن سی اور بی کی بھی مقدار پائی جاتی ہے، فوسفورس سے بھر پور پیاز کا استعمال موسم کی سختی سے نمٹنے میں مدد فراہم کرتا ہے اور صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔

گرمیوں کے دوران اکثر افراد کا بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے، پیاز سے ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملتی ہے، پیاز میں موجود پوٹاشیم بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ٹماٹر

لال ٹماٹر کسے نہیں پسند، ٹماٹر بطور سلاد شوق سے کھایا جاتا ہے جبکہ دیگر سبزیوں کے ساتھ ملا کر اس کی اسموتھی بھی بنائی جاتی ہے، ٹماٹر کے استعمال سے غذا جَلد ہضم ہو جاتی ہے اور انسان بد ہضمی سے بچ جاتا ہے، اس کے استعمال سے انسان خود کو تروتازہ اور خوشگوار محسوس کرتا ہے، ٹماٹر گرمی کی شدت کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے ۔

گرمیوں میں ٹماٹر کے استعمال سے خوبصورتی میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے، اس کے استعمال سے رنگت تیزی سے نکھرتی ہے اور سن برن کا علاج ممکن ہوتا ہے، ٹماٹر ایک قدرتی سن اسکرین کی طرح کام کرتا ہے جو دھوپ کے سبب خراب ہونے والی رنگت کو نکھارتا ہے اور متاثرہ جھلسی ہوئے جِلد کو صحت مند بناتا ہے۔

کھیرا

غذائی ماہرین کے مطابق کھیرے میں96 فیصد پانی پایا جاتا ہے جبکہ اسے کھانا اور ہضم کرنا آسان ہوتا ہے، کھیرے کا استعمال پانی کی کمی دور کرتا ہے اور ٹھنڈک پہنچاتا ہے۔

کھیرے کا روزانہ استعمال صحت برقرار رکھتا ہے اور اضافی وزن میں کمی لاتا ہے، گرمیوں کے دوران کولسیٹرول اور شوگر لیول متوازن رکھتا ہے اور جسم سے زہریلے مادوں کا صفایا کر کے کیل مہاسوں کا خاتمہ اور خوبصورتی بھی اضافہ کرتا ہے۔

پودینہ

مارکیٹ میں عام  دستیاب جڑی بوٹی پودینہ چٹنیوں، کھانوں سمیت مشروبات میں بھی استعمال کی جاتی ہے۔

 پودینہ بطور سلاد کھانے سے جسم کا درجہ حرارت کم رہتا ہے جبکہ پودینے کو غذائی ماہرین کی جانب سے بہت فرحت بخش غذا قرار دیا جاتا ہے۔

پودینے کو مشروبات میں استعمال کرنے سے ٹھنڈک کا احساس برقرار رہتا ہے، معدے اور آنتوں کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔

تازہ ترین