لیجنڈی اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنے شوہر کی صحت سے متعلق تازہ بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے ڈاکٹروں کا کہنا ہے دلیپ کمار کو جلد اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ’دی فرسٹ خان‘ کے نام سے مشہور دلیپ کمار کو ایک روز قبل اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
اس حوالے سے ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے بتایا تھا کہ انھیں سانس لینے میں دشواری ہورہی ہے، جبکہ انھوں نے دلیپ کمار کی موت سے متعلق افواہوں کی بھی تردید کی تھی۔
تاہم اب دلیپ کمار کے مداحوں کے لیے انھوں نے ایک اور بیان جاری کیا جس میں انھوں نے اپنے شوہر کی صحت سے متعلق اپ ڈیٹ دی۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں سائرہ بانو نے کہا کہ ’ڈاکٹروں نے یقین دلایا ہے کہ دلیپ کمار کو جلد اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔‘
انھوں نے بتایا کہ میرے پیارے شوہر یوسف خان کی طبعیت کچھ دنوں سے ناساز تھی، جس کے بعد انھیں ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ اس پیغام کے ذریعے میں دلیپ کمار کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے والوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔
ساتھ میں ان کا کہنا تھا کہ دلیپ کمار کی طبیعت اب بہتر ہے۔