اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت میں راہزنی اور چوری کی مختلف وارداتوں میں شہری چار کاروں، دو موٹر سائیکلوں، زیورات، موبائل فون، نقدی و دیگر سامان سے محروم ہو گئے، نجیم اختر نے نیلور پولیس کو بتایا کہ چار مسلح افراد نے مجھ سے نقدی اور کارڈز وغیرہ مالیتی چار لاکھ روپے چھین لیے، افتخار نے لوہی بھیر پولیس کو بتایا کہ چار مسلح افراد نے مجھ سے 7لاکھ 19ہزار روپے چھین لئے، جنید احمد نےکورال پولیس کو بتایا کہ چار مسلح افراد نے پٹرول پمپ پر مجھ سے نقدی، موبائل فون کل مالیتی نوے ہزار روپے چھین لئے، مزاحمت کرنے پر پسٹل کا بٹ مار کر زخمی کر دیا، شاہد حسین نے کورال پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے میرے گھر داخل ہو کر نقدی، زیورات، سامان کل مالیتی چار لاکھ 50ہزار روپے چوری کر لیا، ذیشان زیب نے کورال پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے میری دکان سے ایل سی ڈی، ایل ای ڈی اور ڈیکوریشن کا سامان کل مالیتی دس لاکھ روپے چوری کر لئے، محمد رشید نے نون پولیس کو بتایا کہ گھریلو ملازمہ شمائلہ اور سونیا نے زیورات، نقدی کل مالیتی تین لاکھ 20ہزار روپے چوری کر لئے، امجد علی نے بہارہ کہو پولیس کو بتایا کہ شیر غازی و دیگر دو افراد نے میرے زیر تعمیر پلازہ سے سریا، موٹر، لیول مشین اور سمینٹ کل مالیتی 5لاکھ روپے چوری کر لئے۔محمد رضوان نے ترنول پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے گھر سے تین لاکھ 77ہزار روپے چوری کر لئے۔عبد الرحمٰن نے گولڑہ پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے میری کار ، نقدی اور پرائز بانڈ کل مالیتی 31لاکھ روپے چوری کر لئے۔