• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان، اپوزیشن ارکان کا گرفتاری دینے پر اصرار، پولیس کا مسلسل انکار

کوئٹہ ( نمائندہ جنگ)اپوزیشن ارکان اسمبلی کا گرفتاری دینے کیلئے بجلی گھر تھانے میں چوتھے روز بھی پڑاؤ جاری رہا۔ اور تھانہ بجلی گھر میں سیاسی محفل جمی رہی اور مختلف سیاسی رہنما ان سے اظہار یک جہتی کیلئے آتے رہے۔ ایف آئی آر میں نامزد اپوزیشن ارکان کا اصرار ہے کہ انہیں قانون کے مطابق گرفتار کر لیا جائے،تاہم پولیس انہیں گرفتار کرنے سے بدستور انکار کر رہی ہے۔ گزشتہ روز جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹرمولاناعبدالغفور حیدری سمیت سیاسی و قبائلی رہنمائوں کارکنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے اپوزیشن اراکین سے تھانے میں اظہار یکجہتی کیا۔اس موقع پرجمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹرمولاناعبدالغفور حیدری نے گزشتہ روز اپوزیشن ارکان اسمبلی سے بجلی گھر تھانے میں اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پربات چیت میں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنے کی صلاحیت ہی نہیں ،اپوزیشن کے پرامن احتجاج پر حکومت حملہ آور ہوئی اور ارکان کو زخمی کیا۔ تھانہ اور جیل سیاسی کارکنوں کے گھر ہیں سب کو ان مراحل سے گزرنا ہوتا ہے سلیکٹڈ حکمرانوں میں حکومت چلانے کی صلاحیت نہیں ہوتی نہ صرف بلوچستان اسمبلی بلکہ سینٹ اور قومی اسمبلی بھی یہی نکمے لوگ بیٹھے ہیں۔

تازہ ترین