• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور اسپین کے درمیان دہری شہریت کے معاہدے پر کام کریں گے، شجاعت راٹھور

میڈرڈ(شفقت علی رضا ) ہالینڈ میں میری مدت ملازمت میں پاکستان اور ہالینڈ کے مابین ایکسپورٹ کی شرح 682ملین یورو سالانہ سے بڑھ کر 1.25بلین تک پہنچی ، میرا فوکس ہو گا کہ ا سپین کے ساتھ بھی ہماری درآمدات اور برآمدات کی شرح اسی رفتار سے بڑھے ۔سی پیک منصوبے کی افادیت دُنیا جانتی ہے لیکن یورپی ممالک کے لئے وہاں سرمایہ کاری کرنا بہت مفید ہے ۔اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے پر توجہ دے تاکہ ہمیں ہسپانوی کمیونٹی اور یہاں کے مقامی اداروں تک رسائی حاصل ہو، جس سے پاکستانیوں کے وجود کو تسلیم کرنے میں مقامی معاشرے کو آسانی ہو گی ، ان خیالات کا اظہار میڈرڈ میں عہدہ سنبھالنے والے نئے سفیر پاکستان شجاعت راٹھور نے جنگ  لندن سے بات کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے یعنی آج ہی نیشنل پولیس بیورو اسلام آباد کے سربراہ کو خط لکھ رہا ہوں کہ وہ اسپین کے لئے بنائے جانے والے پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ پر ’’ ری اشوڈ ‘‘ نہ لکھا کریں، یہاں کے ادارے اس پر اعتراض کرتے ہیں اور کاغذات کے مکمل ہونے کی کارروائی سست روی کا شکار ہو جاتی ہے ، انہوں نے کہا کہ ا سپین میں رہنے والے بہت سے ممالک کے باشندوں کو 3سال 5سال اور دس سال کے بعد شہریت دی جاتی ہے، 10سال والوں میں پاکستانی بھی شامل ہیں شہریت حاصل کرنے کا پراسس مکمل ہونے تک 12سے 14سال تک کا عرصہ لگ جاتا ہے ،کوشش کروں گا کہ اس حوالے سے حکومت کے ساتھ بات چیت کی جائے کہ وہ پاکستانیوں کو بھی کم عرصے میں شہریت دینے کی پالیسی بنائیں ۔سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی زیادہ تعداد بارسلونا اور اُس کے گرد ونواح میں مقیم ہے اور وہاں ہمارا قونصل خانہ بہتر سروسز مہیا کر رہا ہے، جس سے کمیونٹی خوش ہے ، انہوں نے کہا کہ میری اولین ترجیح ہو گی کہ ہسپانوی کمپنیز کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے مزید قائل کیا جائے، کیونکہ ابھی انرجی سیکٹرز میں بہت بڑا سکوپ موجودہے ۔انہوں نے کہا کہ میں او پی سی پنجاب کے نمائندے کا کام قونصل خانے میں جا کر از خود دیکھوں گا کہ اُن کے کام سے کیا نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔جی ایس پی پلس کی مضبوطی اور فرانس کے یورپی پارلیمنٹ میں پابندیوں کی پالیسیوں کو بھی دیکھنا ہو گا، اس پر دن رات کام کریں گے ۔سپین اور پاکستان کے مابین دہری شہریت کی پالیسی پر بھر پور کام کیا جائے گا اور حکومتی لیول پر کوشش کریں گے کہ پاکستانیوں کو سپین اور پاکستان کی شہریت بیک وقت رکھنے کی اجازت ملے اور یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان جلدطے پا جائے ۔ اس بات چیت میں ہیڈ آف چانسلری سفارت خانہ پاکستان دانش محمود بھی موجود تھے، جنہوں نے سفیر پاکستان کو سفارت خانہ میں دونوں حکومتوں کے مابین اس حوالے سے ہونے والے مذاکرات کے بارے میں بریفنگ دی ،واضح رہے کہ28جون کو بارسلونا میں ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس میں آئی ٹی منسٹر سید امین الحق پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ورلڈ موبائل کانگریس میں پاکستانی سٹال پر کمرشل قونصلر میڈرڈ ڈاکٹر احمد عفان ، ہیڈ آف چانسلری دانش محمود، قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری اورسفیر پاکستان شجاعت راٹھور موجود ہوں گے، یہ سفارت کار 29جون کو قونصل خانہ بارسلونامیں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ایک تعارفی نشت میں حصہ لیں گے ۔
تازہ ترین