ہر گھر میں باورچی خانہ کو ایک خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ یہ ہر گھر کا دل ہوتا ہے کیوں کہ یہاں سارے گھرانے کے لیے کھانا بنتا ہے۔ آج کے اوپن فلور کے مقبول زمانے میں یہ ڈائننگ اور لیونگ ایریا کا ایک ناگزیر حصہ بن چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کچن کے لیے ایک ایسا ڈیزائن ضروری ہے، جو بیک وقت عملی، فعال اور پرکشش ہو۔
ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کچن کے لیے ایسا کون سا ڈیزائن منتخب کیا جائے، جوبیک وقت ان تینوں اور دیگر خصوصیات کا حامل ہو۔ ہم نے مختلف گھروں میں مختلف ڈیزائن کے باورچی خانہ دیکھے ہیں، ذیل میں Uڈیزائن کے باورچی خانوں پر بات کی گئی ہے۔
کن چیزوں کو مدِ نظر رکھا جائے
ایک باورچی خانے کو خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ فعال بھی ہونا چاہیے اور اس فعالیت پر بہت سے عوامل اثر انداز ہوتے ہیں۔ کچن ڈیزائن کرتے وقت آپ کو ان سب کو مد نظر رکھنا ہو گا ورنہ آپ اپنی تخلیق سے مطمئن نہیں ہو پائیں گے۔
ضروری لوازمات
کیبنٹس اور دروازوں کے لیے خوبصورت رنگ اور ڈیزائن کا انتخاب کریں۔ مسالوں کے ڈبوں کے لیے منفرد اسٹائل کے ریک خریدیں۔ چمکتے دمکتے کاؤنٹر لگوائیں جبکہ الماریوں کے اندر اور ان کے نیچے روشنیاں لگوانا مت بھولیں۔ نیچے لگی روشنیاں کام کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
باورچی خانہ کی جان
کہا جاتا ہے کہ رنگ کسی بھی جگہ کی جان ہوتے ہیں اور ہر رنگ کا اپنا ایک اثر ہوتا ہے۔ سرخ رنگ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ بھوک کو بڑھا دیتا ہے،اس لیے کچن کی دیواروں یا الماریوں کے لیے یہ رنگ بہترین رہتا ہے۔ سفید رنگ تازگی اور صفائی کا احساس دیتا ہے اور کیوں کہ زیادہ تر لوگ اپنے دن کا آغاز کچن سے کرتے ہیں، اس لیے یہ رنگ ان کا موڈ اچھا کر دیتا ہے۔
سرمئی ایک مقبول رنگ ہے، جسے آپ کسی شوخ رنگ کے ساتھ استعمال کر سکتے ہیں۔ نیلا رنگ سفید یا دوسرے ہلکے رنگوں کے ساتھ مل کر غضب ڈھاتا ہے۔ پیلا رنگ آپ کے کچن کو روشن کرتا اور آپ کو خوشی اور سکون کا احساس دیتا ہے جبکہ سبز رنگ سفید اور بھورے رنگ کے ساتھ حسین نظر آتا ہے۔
منفرد اور فعال
’U‘ ڈیزائن کے باورچی خانے ہر قسم کی جگہ کے لیے مثالی ہوتےہیں۔ اس شکل کے باورچی خانے ہر کونے کے لیے مکمل طور پر موزوں رہتے ہیں اور جگہ کا اچھی طرح استعمال کرتے ہیں۔ اس طرز کے باورچی خانے میں محدود جگہ مزیدار کھانے بنانے میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کرتی۔ Uشیپ کچن اپنی خوبصورتی، نفاست اور ڈیزائن کے حوالے سے ہر لحاظ سے منفرد ہوتا ہے۔
جگہ کی حد بندی
ایک اچھے طریقے سے بنا ڈیزائن جگہ کا فائدہ اٹھاتا ہے، خواہ شکل کوئی بھی ہو۔ اگر آپ کا باورچی خانہ لمبائی میں زیادہ ہے تو اسے اس طرح ڈیزائن کریں کہ اس کاکوئی کونہ نہ ہو جو کہ گھر اورباورچی خانے کے درمیان حد بندی کرے۔
ترتیب کا خیال
باورچی خانہ میں تقریباً ہر وقت کئی چیزیں رکھی ہوتی ہیں، ایسے میں اگر چیزوں کو ترتیب سے نہ رکھا جائے تو نظر آنے والا منظر آنکھوں کو نہیں بھاتا۔ ایسے میں ضروری ہے کہ آپ کچن کی تمام چیزوں، جیسے کہ بوتلوں، کارپٹس، مسالے اور برتن وغیرہ کو ترتیب سے رکھیں اور ان کے لیے اسی مناسبت سے درازوں کا بندوبست کریں۔
روایتی لوازمات
ہر باورچی خانہ کو ایک ایسی میز کی ضرورت ہوتی ہے، جس پر ایک خوبصورت میز پوش موجود ہو اور اردگرد کا ماحول روشنی سے منور ہو۔ کھانے کی میز روایتی اور دیہی طرز کی ہوسکتی ہے۔ اس میں آپ چاہیں تو اپنے گھر کے مجموعی ماحول کے مطابق لکڑی کے فرنیچر کو شامل کرسکتے ہیں۔
دو ڈیزائن کا ملاپ
کئی لوگ کھانا صرف اس لیے نہیں پکاتے کیوں کہ بھوک مٹائی جاسکے۔ بلکہ کئی خواتین و حضرت ذاتی شوق اور مشغلے کے طور پر کچن سے دوستی رکھتے ہیں۔ آپ اپنے ’یو‘ ڈیزائن کے حامل کچن میں، جس کی تین دیواروں کے ساتھ کاؤنٹر لگے ہوں، اس کے مرکز کو ایک اور سیدھی لکیر کے ساتھ ملا دیں۔ پورا کچن آپ کے کام کرنے کے لیے دستیاب ہوگا۔
خم دار ڈیزائن
خم دار ’یو‘ ڈیزائن کے حامل کچن میں گہرے رنگ خوب جچتے ہیں۔ اگر آپ محدود جگہ میں اس ڈیزائن کا کچن بنانا چاہتے ہیں تو خم دار ڈیزائن آپ کے لیے ہی ہے۔ خم دار ڈیزائن بہت ہی عملی اور آسان رسائی والا ثابت ہوتا ہے۔
تھوڑی سی اضافی محنت
’یو‘ ڈیزائن کے حامل کچن ہر گھر کے لیے انتہائی عملی اور فعال ثابت ہوتے ہیں اور اس میں گھر کی کوئی اضافی جگہ ضائع نہیں جاتی۔ اس میں آپ بیرونی رُخ پر اسٹول (تپائی) رکھ سکتے ہیں، جو کہ ناشتہ کرنے کے لیے ایک بہترین جگہ ثابت ہوسکتی ہے۔