• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سمیت سرحد کے اُس پار یعنی بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دِکھانے والی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان کو ادکاری کی دُنیا میں قدم رکھے 10 سال مکمل ہوگئے۔

اس حوالے سے ماہرہ خان نے اپنے لاکھوں مداحوں اور دوستوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے۔


ماہرہ خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ’میں نے دو دن پہلے بطورِ اداکارہ اس انڈسٹری میں 10 سال مکمل کرلیے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میری فلم ’بول‘ اور میرا ڈرامہ سیریل ’نیت‘ بھی 24 جون 2011ء کو ہی ریلیز ہوا تھا۔‘

ماہرہ نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں کیونکہ آپ سب نے میرے اس جادوئی سفر میں میرا بہت ساتھ دیا۔‘

ماہر خان نے کہا کہ ’اس سفر کے دوران بہت سے اُتار چڑھاؤ آئے ہیں، اچھے اور بُرے لمحات آئے لیکن میرے مداحوں نے میرا ساتھ نہیں چھوڑا۔‘

 اداکارہ نے کہا کہ ’میں اپنے مداحوں کی محبت کی شُکرگزار ہوں اور میں وعدہ کرتی ہوں کہ اب مزید محنت کروں گی۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں وعدہ کرتی ہوں کہ آپ کی محبت رائیگاں نہیں جائے گی، آمین۔‘

واضح رہے کہ ماہرہ خان نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز 2006 میں بطور وی جے کیا اور 2011 میں شعیب منصور کی فلم ’بول‘ سے لالی ووڈ فلم نگری میں قدم رکھا جس میں انہوں نے معاون کردار نبھایا۔

ماہرہ خان نے یوں تو 2011 میں پہلا ڈرامہ ’نیت‘ کیا تھا لیکن شہرت اور مقبولیت ڈرامہ سیریل ’ہمسفر‘ سے حاصل کی جس میں انہوں نے ’خرد‘ کا مرکزی کردار ادا کیا، جسے پاکستان سمیت بھارت میں بھی خوب پسند کیا گیا۔

اداکارہ نے 2015 میں فلم ’بن روئے‘ کی جبکہ 2016 میں فلم ’ہو من جہاں‘میں جلوہ گر ہوئیں۔

اس کے بعد 2017 میں ان کی بالی ووڈ ڈبیو فلم ’رئیس‘ ریلیز ہوئی جس میں انہوں نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔

تازہ ترین