• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہرہ خان نے’ہمسفر‘ کی یاد تازہ کردی

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی صف اول اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے مقبول ترین ڈراما سیریل’ہمسفر‘ کے 9 سال مکمل ہونے پر خِرَد کو یاد کیا ہے۔

ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ’ہمسفر‘ کی کچھ قیمتی یادیں مداحوں کے ساتھ شیئر  کرتے ہوئے مداحوں کو اب تک کے اپنے سب سے خاص کردار کے بارے میں بتایا۔


ماہرہ خان نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں سوالیہ انداز میں لکھا کہ ’اب ایسا کیا کہنا باقی رہ گیا ہے جو پہلے نہ کہا ہو؟ لیکن جب ہمسفر کی بات ہوتی ہے تو کہنے کے لیے بہت کچھ ہوتا ہے۔‘

صف اول اداکارہ نے انکشاف ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’خِرَد میرا اب تک کا سب سے خاص کردار ہے، وہ ہر ایک سے دل سے محبت کرنے والی شخصیت کی مالک تھی اور وہ ایک ایسی عورت تھی جس کے لیے اُس کی عزت نفس بہت اہم تھی۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’جیسا کہ میں ہمیشہ کہتی ہوں کہ ہمسفر  آپ سب کا ہے۔ یہ سفر آپ سب کے بغیر کچھ بھی نہیں ہے کہ جس نے 9 سالوں تک اپنی مقبولیت کو برقرار رکھا ہے۔‘

آخر میں ماہرہ خان نے ’ہمسفر‘ کے مداحوں سے اظہارِ محبت بھی کیا۔

واضح رہے کہ ڈراما سیریل ’ہمسفر‘ 9 سال قبل 2011 میں ایک نجی ٹی وی چینل سے نشر کیا گیا تھا۔

یہ ڈراما فرحت اشتیاق کے ناول پر مبنی تھا جبکہ اِس ڈرامے کے ہدایت کار سرمد کھوسٹ تھے اور اِس ڈرامے کی کہانی ایک شادی شدہ جوڑے کے گِرد گھومتی ہے۔

ڈراما ’ہمسفر‘ کے نمایاں کردار وں میں ماہرہ خان، فواد افضل خان، عتیقہ اوڈھو، نوین وقار، نور حسن، سارہ کشف، بہروز سبزواری اور حنا خواجہ بیات شامل ہیں۔

تازہ ترین