• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہرہ خان بھی کورونا وائرس میں مبتلا

عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔

ماہرہ خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے جس میں اُنہوں نے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق ایک اہم اطلاع دی ہے۔


اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’میرا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد میں نے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر میں نے اُن تمام لوگوں کو بھی آگاہ کردیا ہے جو گزشتہ کچھ دنوں سے میرے ساتھ رابطے میں تھے اور جن کے ساتھ میں نے ملاقات کی تھی۔‘

ماہرہ خان نے اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ یہ بالکل اچھی خبر نہیں ہے لیکن انشاء اللّہ میں بہت جلد ٹھیک ہوجاؤں گی۔‘

اداکارہ نے عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’اپنی خاطر اور دوسرے لوگوں کی جان کی خاطر براہِ کرم ماسک پہنیں اور ایس او پیز پر عمل کریں۔‘

آخر میں اُنہوں نے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے دُعاؤں کی اپیل بھی کی۔

ماہرہ خان کی اس پوسٹ پر اُن کے چاہنے والوں کی جانب سے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے دُعائیہ پیغامات جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے متعدد فنکار کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں اداکارہ روبینہ اشرف، گلوکار جواد احمد، بہروز سبزواری، عثمان مختار، ندا یاسر، ماڈل علیزے گبول، صحیفہ جبار، امیر گیلانی، مریم نفیس اور واسع چوہدری سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی کُل تعداد 4 لاکھ 38 ہزار 425 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 8 ہزار 796 تک جا پہنچی ہے۔

تازہ ترین