بالی ووڈ اداکار عامر خان کی دونوں سابقہ بیویاں رینا دتہ اور کرن راؤ اُن کی دو سُپر ہٹ فلموں کا حصہ رہی ہیں جن میں فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ اور فلم ’لگان‘ شامل ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کی پہلی بیوی رینا دتہ اُن کی سُپر ہٹ فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ کے مقبول ترین گانے ’پاپا کہتے ہیں بیٹا نام کرے گا‘ میں منظرِ عام پر آئی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اُس وقت عامر خان اور رینا دتہ رشتۂ ازدواج میں منسلک تھے تاہم دونوں نے اپنی شادی کو پوشیدہ رکھا ہوا تھا۔
دوسری جانب عامر خان کی دوسری بیوی کرن راؤ نے اُن کی بلاک بسٹر فلم ‘لگان‘ کی شوٹنگ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
عامر خان اور کرن راؤ کی پہلی ملاقات فلم ’لگان‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی، اس فلم میں عامر خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ کرن راؤ اس فلم کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھیں۔
بالی ووڈ اداکار عامر خان اور کرن راؤ 28 دسمبر 2005 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے جبکہ عامر نے اس سے قبل رینا دتہ سے شادی کی تھی جن سے دو بچے جنید خان اور ایرا خان ہیں۔
عامر خان اور کرن راؤ کے ہاں 2011 میں بیٹے آزاد راؤ خان کی پیدائش ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے اہلیہ کرن راؤ سے 15 برس تک رشتۂ ازدواج میں منسلک رہنے کے بعد باضابطہ طور پر طلاق کا اعلان کردیا ہے۔
عامر خان اور کرن راؤ نے طلاق کا اعلان اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا، جس میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ یہ شادی کا اختتام ہے لیکن اسے ایک نئے سفر کے طور پر دیکھا جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ’ 15 خوبصورت برسوں میں ہم نے ایک ساتھ زندگی بھر کے تجربات، خوشی و غم میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور اس دوران ہمارے تعلقات میں صرف اعتماد ، احترام اور محبت کا ہی اضافہ ہوا ہے۔