• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب سے قیدیوں کی جلد واپسی کیلئے حکام سے رابطے میں ہیں، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے قیدیوں کی جلد واپسی کے لیے پاکستانی سفارتخانہ سعودی حکام سے رابطے میں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی حکام کی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی نے ریاض ریجن میں پاکستانی قیدیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انھوں نے بتایا کہ سعودی حکام کی کمیٹی نے پاکستان کی درخواست پر قیدیوں کا تفصیلی جائزہ لیا، سعودی حکام کی کمیٹی نے معمولی جرائم پر سزا بھگتنے والے 85 افراد کی بقایا سزا ختم کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان رہائی پانے والے افراد کی واپسی کے ایگزٹ ویزا کے لیے سفارتخانہ نے سعودی حکام سے رابطہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رہا کیے گئے 85 افراد میں سے 62 افراد کی وطن واپسی ہوگئی ہے، 23 رہا ہونے والے قیدیوں کی واپسی کے انتظامات بھی کیے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانہ باقی سعودی ریجنز کے متعلق بھی ایسے ہی اقدامات کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے سہولیات فراہم کرنے پر شکرگزار ہیں۔

تازہ ترین