پاکستانی اداکارہ زرنش خان بھی عید کے بعد کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا شکار ہوگئیں۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری اور ایک پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو اپنے کورونا سے متاثر ہونے کے حوالے سے اطلاع دی۔
زرنش خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ گزشتہ روز مجھ میں کورونا کی علامات پائی گئیں جس کے بعد اب وہ اسپتال میں ہیں اور ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسے مذاق نہ سمجھیں اور سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں، اداکارہ نے جلد صحتیابی کی اپیل بھی کی۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’آپ سب سے میری درخواست ہے کہ براہِ مہربانی گھروں پر رہیں اور محفوظ رہیں، کورونا کو مذاق نہ سمجھیں۔‘
زرنش خان نے لکھا کہ کورونا کی علامات بدترین ہیں اور کورونا دنیا بھر میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل رہا ہے۔
اداکارہ کی پوسٹ پر ان کے مداح جلد صحتیابی کے لیے دعائیہ پیغامات شیئر کر رہے ہیں ۔