• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا رناوت کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا امکان

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کو نغمہ نگار جاوید اختر کی جانب سے دائر ہتک عزت کے کیس کی آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کردیا جائے گا۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے علاقے اندھیری میں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کورٹ نے بالی ووڈ کوئن کنگنا کو اس کیس میں پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔ 

کنگنا رناوت کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ اس وقت بیرونِ ملک ہیں اور اسی وجہ سے وہ آج ہونے والی سماعت میں پیش نہیں ہوسکتیں۔ 

ساتھ میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کنگنا نے آج عدالت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست دی ہے۔ 

جاوید اختر کے وکیل نے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ ایک بھی تاریخ پر اس کیس میں عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، ان کے خلاف قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔ 

کورونا وائرس کی صورتحال اور ایس اوپیز کا خیال رکھتے ہوئے مجسٹریٹ آر آر خان نے کنگنا کی ایک دن کے لیے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی جبکہ ریمارکس دیے کہ اگر کنگنا آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش نہیں ہوئیں تو ان کے خلاف قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ برس نغمہ نگار جاوید اختر نے ممبئی کے علاقے اندھیری میں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا جس میں انھوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کنگنا رناوت نے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت پر میڈیا کو دیے گئے بیانات اور تبصروں میں بے بنیاد تبصرے کیے جس سے ان کے وقار کو نقصان پہنچا۔

اپنے خلاف الزامات عائد کیے جانے پر جاوید اختر نے کنگنا رناوت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

جاوید اختر کا کہنا تھا کہ کنگنا رناوت نے بے بنیاد تبصروں میں ان کا خواہ مخواہ ذکر کیا۔ جو ان کی بدنامی کا سبب اور شہرت کے لیے نقصان کا باعث ہے۔

جاوید اختر کی اس درخواست کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے عدالت نے کنگنا رناوت کو یکم مارچ کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا، تاہم کنگنا اب تک کسی بھی سماعت میں پیش نہیں ہوسکی ہیں۔ 

واضح رہے کہ حال ہی میں کنگنا رناوت نے مجسٹریٹ عدالت میں دائر اس کیس کو ختم کرنے کے لیے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ 

 اپنی درخواست میں انھوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ اندھیری کی مجسٹریٹ کی عدالت نے ان کے خلاف کیس کی کارروائی میں قانونی ضابطے پورے نہیں کیے۔ 

تازہ ترین