• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا رناوت اپنے خلاف ہتک عزت کے کیس میں عدالت کا رخ کرلیا

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے ہتک عزت کیس اور اس میں جاری ہونے والے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کے لیے نغمہ نگار جاوید اختر کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کوئن کنگنا نے رناوت جاوید اختر کی جانب سے ممبئی کے علاقے اندھیری میں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کورٹ میں دائر ہتک عزت کے کیسز کو دندوشی سیشن کورٹ میں چیلنج کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جاوید اختر نے ممبئی کے علاقے اندھیری میں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا جس میں انھوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کنگنا رناوت نے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت پر میڈیا کو دیے گئے بیانات اور تبصروں میں بے بنیاد تبصرے کیے جس سے ان کے وقار کو نقصان پہنچا۔

اپنے خلاف الزامات عائد کیے جانے پر جاوید اختر نے کنگنا رناوت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

جاوید اختر کا کہنا تھا کہ کنگنا رناوت نے بے بنیاد تبصروں میں ان کا خواہ مخواہ ذکر کیا۔ جو ان کی بدنامی کا سبب اور شہرت کے لیے نقصان کا باعث ہے۔

جاوید اختر کی اس درخواست کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے عدالت نے کنگنا رناوت کو یکم مارچ کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

مجمسٹریٹ آر آر خان نے یکم فروری کو کنگنا رناوت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انھیں طلب کیا تھا۔

تاہم یکم مارچ کو جاوید اختر اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت پہنچ گئے تھے، لیکن کنگنا رناوت عدالت نہیں پہنچ سکیں، جس کے بعد عدالت نے ان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔

تاہم اب کنگنا رناوت نے دندوشی سیشن کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے اپنے خلاف قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کیا۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ انھیں کرمنل پروسیجر کوڈ کی دفعات پر عمل کیے بغیر عدالت نے طلب کرلیا تھا۔ 

اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے قابلِ ضمانت وارنٹ کی منسوخی کا حکم جاری کرنے کی بھی استدعا کی۔

خیال رہے کہ اس کیس کی سماعت 3 اپریل 2021 تک کے لیے موخر ہے۔

تازہ ترین