• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نومنتخب رکن قانون ساز اسمبلی چوہدری اخلاق برطانیہ میں ٹیکسی کمپنی کے مالک

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) برطانیہ میں ٹیکسی کمپنی کے مالک چوہدری اخلاق آزادکشمیر کے حلقہ ایل اے ۔11کوٹلی 4سہنسہ سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے۔ انھوں نے پاکستان مسلم لیگ کے راجہ نصیر کو ملنے والے 24,288 ووٹ کے مقابلے میں 25,201 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے چوہدری اخلاق نے کہا کہ اپنے حلقے کے عوام کی جانب سے مجھ پر اور پی ٹی آئی پر اعتماد کے اظہار پر ان کاشکریہ ادا کرتا ہوں، 58 سالہ چوہدری اخلاق نے 6 سال قبل بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے گروپ کے ساتھ پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور بیرسٹر سلطان اور امور کشمیر کے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کی مدد سے پی ٹی آئی کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کشمیر چیپٹر کے سرگرم کارکن تھے۔ انھوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی آزادکشمیر کی واحد اکثریتی پارٹی بن کر ابھری، ووٹروں نے تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے، کیونکہ وہ لوگ موجودہ سسٹم سے بیزار ہوچکے تھے، یہ لوگ صرف زبانی جمع خرچ کرتے ہیں، مجھے وزیراعظم عمران خان کی ٹیم کا رکن ہونے پر فخر ہے، میں اب اوورسیز پاکستانیوں اور اپنے حلقہ انتخاب سہنسہ کوٹلی کے عوام کے مسائل حل کرنے پر اپنی پوری توجہ مرکوز کروں گا۔

تازہ ترین