ازبکستان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ازبک فضائیہ نے ایک افغان فوجی طیارے کو مار گرایا ہے۔
ازبک وزارت دفاع کے مطابق افغان طیارہ غیرقانونی طور پر ازبکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوگیا تھا اور اس نے ازبک فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔
ازبک وزارت دفاع نے مزید کہا کہ یہ معلوم نہیں کہ طیارے میں کتنے لوگ سوار تھے، یا ان میں سے کوئی بچ پایا یا نہیں۔
ادھر ایک ازبک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اتوار کی رات افغان فوجی وردی میں ملبوس 2 مریض اسپتال لائےگئے تھے۔ جن میں سے ایک شخص نے پیرا شوٹ پہنا ہوا تھا جو زخمی تھا۔
اس سے قبل ایک خبر ایجنسی نے ازبک میڈیا کے حوالے سے رپورٹ دی تھی کہ افغان فوج کا طیارہ گزشتہ شام ازبکستان میں افغان سرحد کے قریب ترمز میں گر کر تباہ ہوا، اور اس میں سوار دو افغان فوجی اہلکار ترمز میں زیرعلاج ہیں۔
علاوہ ازیں ازبک وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اتوار کو 84 افغان فوجیوں کو سرحد پار کرنے پر حراست میں لیا گیا ہے۔