اداکارہ نمرہ خان کے سابق شوہر کی جانب سے نمرہ کیلئے تحقیر آمیز الفاظ استعمال کرتی ویڈیو پر پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ و میزبان نادیہ خان کی جانب سے سخت الفاظ میں ردّعمل دیا گیا ہے۔
نادیہ خان نے سرکاری ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے اپنے لائیو مارننگ شو میں نمرہ خان کے سابق شوہر کے بیان پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھے نمرہ کے سابق شوہر کی ویڈیو دیکھ کر آگ لگی کہ کس طرح وہ نمرہ کے لیے نامناسب الفاظ کا استعمال کررہے تھے۔‘
میزبان نے کہا کہ ’جب میں نے وہ ویڈیو دیکھی تو مجھے اس قدر شدید غصہ آیا کہ میرا دل کیا کہ میں کچھ کہوں، اپنے جذبات کا اظہار کروں لیکن پھر میں نے خود کو روک دیا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے خود وعدہ کیا ہوا ہے کہ میں سوشل میڈیا پر کسی کے لیے کوئی منفی تبصرہ نہیں کروں گی کیونکہ میں نہیں چاہتی کہ میری وجہ سے کسی کی دل آزاری ہو اور اسی وجہ سے میں نے نمرہ کے معاملے پر خود کو خاموش رکھا۔‘
نادیہ خان نے کہا کہ ’اُنہوں نے نمرہ کے لیے جو الفاظ استعمال کیے وہ سُن کر میرا خون کھول رہا تھا اور میں چاہتی ہوں کہ برطانیہ میں موجود لوگ اُس صاحب کے خلاف ایکشن لیں۔‘
میزبان نے کہا کہ ’اس ایک ویڈیو کلپ سے اُن کی اصلیت سامنے آگئی اور میں کہتی ہوں کہ نمرہ نے علیحدگی اختیار کرکے بہت اچھا فیصلہ کیا۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم شوبز ستارے ایک فیملی کی طرح ہیں، پھر چاہے اداکار ہو یا دیگر عملہ، میرے لیے سبھی ایک فیملی ہیں اور میں سب کے دُکھ درد میں برابر کی حصہ دار ہوں۔‘
خیال رہے کہ نمرہ خان کے سابق شوہر راجہ اعظم نے ایک لائیو سیشن کے دوران اپنی طلاق کے بارے میں واضح الفاظ میں بات کی تھی، انہوں نے نمرہ خان کے بارے میں انتہائی غیر مہذب الفاظ بھی استعمال کیے تھے۔
ان سے صارفین کی جانب سے طلاق سے متعلق سوال کیا گیا تھا، پوچھا گیا تھا کہ کیا آپ دونوں طلاق یافتہ ہیں۔
اس سوال پر لائیو سیشن کے دوران ہی وہ سیخ پا ہوجاتے ہیں اور تیز آواز میں کہتے ہیں کہ ’ہاں ہم طلاق یافتہ ہیں، ہم طلاق یافتہ ہیں ، میں نے اسے طلاق دی کیونکہ میں اس سے چھٹکارا پانا چاہتا تھا، وہ سر درد تھی، ایک انتہائی شدید سر درد۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ برس 21 اپریل کو نمرہ خان نے راجا افتخار اعظم سے خاموشی سے نکاح کرلیا تھا۔
بعد ازاں اداکارہ کی جانب سے شوہر کے ہمراہ کئی تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی جاتی رہیں تاہم چند ماہ بعد انہوں نے ان تمام تصاویر کو اپنے اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردیا تھا۔