وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے، ہم نے بھارتی ڈرون اور متعدد کواڈ کاپٹر مار گرائے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ ہم پوری طرح تیار تھے، اس لیے بھارت کو فوری جواب دیا۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ پاکستان اپنے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے، بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے، بھارت کے پاس پہلگام حملے کا کوئی ثبوت نہیں ہے، پاکستان بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، بھارت کے 6 طیارے اور ایک ڈرون کو مار گرایا ہے، پاکستانی فوج نے دشمن کی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم افواج کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے، پوری قوم کو ناز ہے، قوم کی دعاؤں سے یہ برتری حاصل کی ہے بھارت سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہوا، ہم نے بھارت کے جنگی جہاز گرائے، کسی شہری کو ٹارگٹ نہیں کیا۔
عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارتی حملوں میں خواتین اور بچے جاں بحق ہوئے، پاکستان جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے، ہمیں خدشہ تھا کہ بھارت حملہ کرے گا، پاکستان نے جارحیت میں پہل کبھی نہیں کی لیکن اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، جن جگہوں کو نشانہ بنایا گیا وہاں دہشت گردوں کے کیمپ نہیں تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ غیر ملکی اور مقامی صحافیوں کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا، ان مقامات کے بارے میں بھارت کا الزام تھا وہاں دہشت گردوں کے کیمپ ہیں، بھارت کے پاس پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں، پہلگام کا علاقہ لائن آف کنٹرول سے 200 کلو میٹر دور ہے۔