• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفیرِ پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے نیدرلینڈز کے بادشاہ کو اسناد سفارت پیش کردیں

نیدرلینڈز میں پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے نیدرلینڈز کے بادشاہ کنگ ولیم الیگزینڈر کو اپنے اسناد سفارت پیش کر دیں۔

یہ اسناد، سفارتی آداب کے ساتھ شاہی رہائش گاہ پر ایک سادہ اور پروقار تقریب میں پیش کی گئیں۔ اس موقع پر سفیر پاکستان سلجوق تارڑ نے کنگ ولیم الیگزینڈر کو صدر و حکومت پاکستان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

جواب میں بادشاہ نے بھی اسی گرمجوشی سے پاکستان، اس کی حکومت اور اس کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

پاکستان کی جانب سے نیدرلینڈز میں تعینات ہونے والے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے نیشنل کالج آف آرٹس اور کولمبیا یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1998 میں فارن سروس میں شمولیت اختیار کی تھی۔

2008 سے لے کر 2012 تک انہوں نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستانی مستقل مشن میں مختلف حیثیتوں میں خدمات انجام دیں۔

بعد ازاں جدہ میں سفارت خانے کا حصہ رہنے کے بعد 2013 سے 2018 تک ایک بار پھر اقوام متحدہ کے مختلف شعبوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ جس کے بعد اب انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے نیدرلینڈز میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

تازہ ترین