کوپن ہیگن (اکرم باجوہ) ڈنمارک میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ عظیم کشمیری رہنما اور قائد سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے لازوال قربانیاں اور خدمات تھیں، وہ کشمیریوں کے نیلسن منڈیلا تھے، کبھی اصولوں پر سود،بازی نہیں کی، زندگی کا بیشتر حصہ جیلوں میں گذارا، آخری 12سال گھر میں نظر بند رہے، ان کی پاکستان سے محبت اور وابستگی ڈھکی چھپی نہیں تھی ،مشکل اور نا مساعد حالات میں بھی بھارت کے خلاف ڈٹے رہے، کشمیری عوام ان کے مشن کو جاری رکھیں گے، آزادی کا سورج ایک دن ضرور طلوح ہوگا ،کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی ،کشمیریوں کی جدوجہد حق اور انصاف پر مبنی ہے ،کشمیری عالمی معاہدوں اور بھارتی وعدوں پر عمل درآمد چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک کشمیر یورپ ڈنمارک کے زیر اہتمام شہید اعظم سید علی گیلانی کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت ڈنمارک کے صدر عدیل احمد آسی نے کی، ڈنمارک پارلیمنٹ کے ممبر سکندر صدیق نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک تاریخ ساز شخصت تھے، وہ نہ صرف کشمیریوں بلکہ پوری امت اور انسانیت کا درد رکھتے تھے، ایسے عظیم لیڈر بار با پیدا نہیں ہوتے، انہوں نے ساری زندگی کوکشمیر کی آزادی کے لئے وقف کیا۔ تحریک کشمیر یورپ ڈنمارک کے صدر عدیل احمد آسی نے کہا کہ ہم سب گیلانی بن کر ان کے مشن کو جاری رکھیں گے ،ان کا نعرہ ’ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے‘ بچے بچے کی زبان پر ہے، کشمیریوں کی نئی نسل سید علی گیلانی کے نقش قدم پر چل کر آزادی کی جدوجہد جاری رکھے گی، تقریب سے تحریک کشمیر یورپ ڈنمارک کے سرپرست میاں منیر حسین، پاکستانی کمیونٹی فورم کے چیئرمین راجہ غفور افضل، کشمیری سوسائٹی کے رہنما راجہ ساجد، خاتون رہنما صائمہ رازی،پاکستان سوسائٹی کے صدر چوہدری ولایت ، نوجوان رہنما عمران محبوب،ڈنمارک کے سٹی کونسلر امام اور خطیب سید اعجاز بخاری،شہزاد عثمان بٹ،راجہ ساجد،چوہدری ولایت اور دیگر کمیونٹی کے سرکردہ رہنمائوں نے خطاب کیا اور شہید کشمیر سید علی گیلانی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ،ان رہنمائوں نے ان کی میت کے ساتھ جو توہین آمیز سلوک کیا گیا اور پاکستانی پرچم میں لپیٹنے پر بھارتی حکومت نے ان کےخاندان پر جو مقدمہ درج کیا اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ دنیا میں بھارت جیسے ملک کو جمہوری ملک کہنے والوں کو شرم آنی چاہئے۔ ریفرنس کی نظامت کے فرائض تحریک کشمیر ڈنمارک کے نائب صدر شہزاد عثمان بٹ نے انجام دئیے، ریفرنس کا آغاز مومن عدیل آسی کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، راجہ عمران نے نعت رسول مقبول ﷺپیش کی ،سید اعجاز بخاری نے دعا کی۔