• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی ظفر کے پہلے پشتو گانے کا ٹیزر جاری

گلوکاری کے ساتھ ساتھ اداکاری کی دُنیا میں بھی شہرت پانے والے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے اپنے پہلے پشتو گانےکا ٹیزر جاری کردیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر علی ظفر نے اپنے پہلے پشتو گانے کا ٹیزر جاری کیا ہے جس میں گلوکار کے ہمراہ معروف پشتون گلوکارہ گُل پانڑہ کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ٹیزر کے مطابق علی ظفر کا یہ گانا رواں ماہ 22 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

علی ظفر نے اپنے اس نئے آنے والے گانے میں پشتون کلچر کو بخوبی انداز میں پیش کیا ہے۔

گلوکار نے اپنے ٹوئٹ میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’ٹیزر کا مزہ لیجیے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’آپ نے شریک گلوکارہ کا صحیح اندازہ لگایا لیکن آپ نہیں جانتے تھے کہ اس گانے میں میرے ساتھ دو گلوکار ہیں۔‘

علی ظفر نے یہ بھی لکھا کہ ’اب آپ اندازہ لگاکر بتائیں کہ میرے اس گانے کا نام کیا ہوگا؟‘

اُنہوں نے مزید بتایا کہ ’اُن کا یہ گانا پشتون کلچر ڈے کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز  علی ظفر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا تھا کہ وہ اب سندھی، بلوچی کے بعد پشتو زبان میں بھی اپنا گانا جاری کرنے والے ہیں۔

تازہ ترین