• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر کی کارروائی، 46 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری پکڑلی

اسلام آباد ( کامرس رپورٹر ) ایف بی آر کے ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن لاہور اور ملتان نےٹیکس چوروں کیخلاف کارروائی کی اور 46کروڑ روپے کی ٹیکس چورپکڑلی ، فیروز والا میں اسٹیل ملزاور ملتان میں پولیپرو پائیلین تھیلے تیار کرنیوالے یونٹ کیخلاف کارروائی کی گئی، ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن آئی آر لاہور نے فیروز والا ضلع شیخوپورہ میں سٹیل ملزپر چھاپہ کے دوران 40کروڑ روپے کی ٹیکس چوری پکڑ لی، ملز میں لوہے کے راڈ اور بلاک بنائے جارہے تھے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق اسٹیل ملز نے ایک سال کے گوشواروں میں سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی صفر ظا ہر کی تھی جبکہ سال بھر میں بھاری بجلی کی کھپت ریکارڈ ہوئی ، ایف بی آر کے مطابق دستیاب ابتدائی معلومات کی بنیا د اور تمام قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کاروباری حدود میں چھاپہ مارا گیا اور دستاویزات کو ضبط کر لیا گیا، مزید تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق چوری شدہ ٹیکس وصول کیا جائیگا، اسی نو عیت کےایک اور آپریشن میں ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن آئی آر ملتان نے انڈسٹریل سٹیٹ ملتان میں پولیپرو پائیلین تھیلے تیار کرنیوالے یونٹ کیخلاف کارروائی کی، کاغذات کی جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ یونٹ کو ایف بی آر نے بلیک لسٹ کر رکھا تھا اسکے باوجود یونٹ بڑے پیمانے پر کافی عرصے سے کام کر رہا تھا اور اپنا سیلز ٹیکس نمبر بحال نہیں کروایا، کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں متعلقہ ریکارڈ برآمد ہوا ہے اور ابتدائی اندازے کے مطابق 6کروڑ روپے کی ٹیکس چوری کی گئی، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن آئی آر اسلام آباد کی ہدایات پر ملک بھر میں ٹیکس فراڈ اور ریونیو کے نقصان کی روک تھام کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔

اہم خبریں سے مزید