برطانوی عوام بھی پٹرول کی قلت کے خوف کا شکار ہوگئے، گاڑیوں کے ٹینک فل کروانے لگے۔
برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں آئل ٹینکرز ڈرائیوروں کی کمی نے پٹرول کی قلت پیدا کردی ہے۔
ملک بھر میں پٹرول اسٹیشنز پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، عوام نے پٹرول کی قلت کے خوف سے گاڑیوں کے ٹینک فل کروانے شروع کردیے۔
وزیر ٹرانسپورٹ گرانٹ شاپس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں اور اپنی ضرورت کے مطابق پٹرول ڈلوائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہنگامی حالات میں آئل ٹینکر چلانے کے لیے فوج کو طلب کیا جاسکتا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس اور بریگزٹ کے باعث برطانیہ کو بڑی گاڑیوں کے ایک لاکھ ڈرائیوروں کی کمی کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یورپی ممالک سے ایچ جی وی ڈرائیورز کو عارضی ویزے دے کر بلوانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔