پاکستان کے خوبصورت علاقے چترال میں بنائی گئی ایک رسم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں دلہن کو شادی والے دن روٹیاں بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ہر زبان، شہر اور علاقے کی ثقافت اور رسم و رواج الگ ہوتے ہیں، پاکستان میں بھی کئی مختلف زبانیں اور ثقافتیں موجود ہیں اور ہر علاقے کے رسم رواج بھی الگ الگ ہیں۔
اکثر اوقات شادی سے کچھ دن قبل اور بعد میں نئی نویلی دلہن سے کام نہیں کروایا جاتا اور اُس کے ناز نخرے اٹھائے جاتے ہیں مگر چترال میں یہ رسم مختلف ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چترال میں شادی والے دن دلہن سے روٹیاں پکوائی جاتی ہیں جبکہ اس دوران دولہا اپنی نئی نویلی دُلہن کی روٹی بنانے میں مدد کرتا ہے، اسی روایت سے متعلق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نو بیاہتا جوڑا مہمانوں کے درمیان بیٹھا روٹی بنا رہا ہے، دلہن روٹی بنا کر توے پر ڈال رہی اور دولہا روٹی پلٹنے میں مدد کر رہا ہے۔