پاکستان نے بنگلادیش کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 128 رنز سے شکست دے دی ہے۔ 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئیس میتھ کے تحت ہوا، بارش سے متاثرہ میچ میں بنگلادیش کو 32 اوور ز میں 243 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن میزبان ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی طرف سے معاذ صداقت اور حارث رؤف نے 3، 3، شاہین شاہ آفریدی نے 2، محمد وسیم اور فہیم اشرف نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
میچ میں آل راونڈ پرفارمنس پر معاذ صداقت بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں 274 رنز اسکور کیے تھے، معاذ صداقت 75، سلمان علی آغا 64 اور محمد رضوان 44 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے تھے۔
بنگلادیش کی طرف سے رشاد حسین اور مہدی حسن نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے موقع پر بنگلادیشی کپتان مہدی حسن نے کہا کہ وہ گزشتہ میچ کی کامیابی کے فارمولے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں، اس لیے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
مہدی حسن نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، وہی کھلاڑی میدان میں اتارے گئے ہیں جنہوں نے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔
اس موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ بلے بازوں کو اپنی غلطیوں کا احساس ہے اور وہ اس میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
شاہین آفریدی نے بتایا کہ آج ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ اسپنر ابرار احمد کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کے پاکستان ٹیم کو پہلے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔