• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاپنگ مالز، ہوٹل میں خفیہ کیمرے تلاش کرنے کی مفید تجاویز

آئے روز کسی نہ کسی مال، ہوٹل کے کمروں، پبلک ٹوائلٹ اور بیوٹی پارلرز میں خفیہ کیمرے نصب ہونے سے متعلق خبریں آتی رہتی ہیں، خفیہ کیمرے خاص کر ہوٹل کے کمروں یا پھر مالز میں خواتین کے لیے بنائے گئے ٹرائی رومز میں نصب ہوتے ہیں، عوامی مقامات پر چُھپی اِن ڈیوائسز اور خفیہ کیمروں کا سراغ لگانے اور خود کو اس سے جڑی کسی بھی پریشانی سے محفوظ رکھنے کے لیے یہ رپورٹ مفید ثابت ہو سکتی ہے۔

برقی آلات اور نظر نہ آنے والی ساؤنڈ اور کیمرہ ڈیوائسز سے متعلق معلومات رکھنے والے ماہرین کا بتانا ہے کہ گھر سے باہر کہیں بھی قیام کرنے کے دوران خفیہ کیمروں یا پھر ساؤنڈ ڈیوائسز کا پتہ لگایا جا سکتا ہے۔

چھپے ہوئے کیمروں کا سراغ لگانے کے لیے کہیں بھی قیام سے قبل بس چند ٹپس پر عمل کر لینے کے نتیجے میں گھر سے باہر شیشوں، پھول کے گلدستوں، ٹشو کے ڈبوں، ایئر فِلٹر آلات، دروازوں کے ہینڈل،  الماریوں، ہیئر ڈرائر ہولڈرز اور کپڑے ٹانکنے والی خونٹیوں میں نصب کیمروں سے بچا جا سکتا ہے بلکہ مستقبل میں پیش آنے والی پریشانیوں سے بھی نجات ممکن ہوجاتی ہے ۔

ماہرین کی جانب سے خفیہ کیمروں کا سراغ لگانے کے لیے تجویز کیے گئے مفید مشورے مندرجہ ذیل ہیں :

مشکوک نظر آنے والی ہر برقی آلات پر کڑی نظر رکھیں

چاہے ہوٹل کا کمرہ ہو، کسی مال کا ٹرائی روم یا بیوٹی پارلر، مشکوک نظر آنے والے ہر برقی آلے کو تولیے یا کسی موٹے کپڑے کی مدد سے ڈھانپ دیں یا سوئچ نکال دیں۔

غیر ضروری آلات کو بند کر دیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے، اگر مشکوک ڈیوائس کسی اور چیز سے جُڑی ہوئی نہیں ہے تو اس کی جگہ بھی تبدیل کی جا سکتی ہے۔

جگہ کا خود تفصیلی معائنہ کریں

ہوٹل میں ہیں یا ٹرائی روم میں، خود کو محفوظ رکھنے کے لیے پہلے خود سے جگہ کا تنقیدی اور تفصیلی مشاہد کریں، کہیں بھی قیام سے قبل سمجھ میں نہ آنے والی غیر ضروری ڈیوائسز پر سوال اٹھائیں اور انتظامیہ سے  اِنہیں ہٹا دینے کا مطالبہ کریں۔

ہوٹل کے کمرے میں رکھی جانے والی اشیاء کی جگہ کا مشاہدہ کریں، لیمپ، ٹشو باکس، الارم کلاک، چھت پر لگے اسموگ ڈٹیکٹرز، باتھ رومز، دروازوں کے ہینڈلز اور ٹرائی رومز میں ہر چیز کا بغور جائزہ لیں۔

اپنے موبائل فون کا استعمال کریں

انتہائی چھوٹے اور پوشیدہ کیمروں کا سراغ لگانے کے لیے جس جگہ موجود ہیں وہاں کی تمام لائٹس بند کر دیں اور اپنے موبائل کی ٹارچ کا استعمال کرتے ہوئے غیر ضروری لائٹس کی نشاندہی کریں۔

اگر کہیں سے موبائل فون کی ٹارچ لائٹ سے ٹکرا کر کوئی چھوٹی سی شعاع نکل رہی ہیں وہاں کیمرہ ہو سکتا ہے، کیمرے کے لینس پر موبائل ٹارچ کی لائٹ پڑنے سے لینس روشنی خارج کرتا ہے، ایسی ڈیوائسز کو بند کر دیں یا ہٹا دیں۔

کیمرے پکڑنے والی ڈیوائسز کا استعمال کریں

ماہرین کے مطابق مارکیٹ  میں ایسی ڈیوائرسز با آسانی دستیاب ہیں جس کی مدد سے کہیں پر بھی کسی بھی قسم کا ساؤنڈ ڈیوائس یا پھر چھپے ہوئے کیمرے کے متحرک ہونے کا سراغ لگایا جا سکتا ہے۔

ایسی ڈیوائسز کو ’کیمرہ ڈیٹیکٹر ڈیوائس‘ یا پھر ’سگنل ڈیٹیکٹر ڈیوائس‘ کہا جاتا ہے ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بہت زیادہ سفر اور مختلف شہروں اور ملکوں میں قیام کرنے والے افراد اس ڈیوائس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

تازہ ترین