• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی کی ضمانت منسوخ، گرفتاری کیلئے نیب کے چھاپے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے آبزرویشن میں کہا ہے کہ آمدن اور اثاثوں کے پیش کردہ دستاویزات کا اچھی طرح سے جائزہ لیا جس کے نتیجے میں واضح طور پر پتہ چلا ہے کہ آمدن سے بڑھ کر اثاثے ہیں۔

اتنا بڑا فرق ظاہر ہونے پر آغا سراج درانی سمیت دیگر نامزد ملزمان کی ضمانت منظور نہیں کر سکتے البتہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کی اہلیہ اور بیٹوں کی درخواست ضمانت منظور کی جاتی ہیں۔ 

ضمانت منسوخ ہونے کے بعد نیب کی ٹیم نے آغا سراج درانی کی گرفتاری کیلئے کراچی میں انکے رہائش گاہ پر چھاپا مارا جہاں نیب کی ٹیم کو ان کے ملازمین کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے، نیب کی ٹیم 7گھنٹے سے زائد ان کے گھر باہر کھڑی رہی ، نیب ٹیم کے ہمراہ لیڈی سرچر بھی موجود تھیں تاہم انہیں بھی گھر میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق بدھ کو سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ندیم اختر اور جسٹس اقبال کلہوڑو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں آغا سراج درانی سمیت 18 ملزمان کی درخواست ضمانت پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ 

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ملزمان کی درخواست ضمانت پر از سر نو سماعت مکمل کی گئی اور اس سلسلے میں فاضل جج صاحبان پر مشتمل خصوصی بینچ تشکیل دیا گیا تھا جس نے درخواست ضمانت پر کارروائی مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

ہائیکورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت 8 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کر دیں جبکہ آغا سراج درانی کی اہلیہ اور بیٹوں کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی گئیں۔ نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں آغا سراج درانی، انکی اہلیہ اور بیٹے شہباز درانی کے علاوہ طفیل احمد، میٹھا خان، اسلم پرویز لانگاہ، ذوالفقار ڈاہر اور گلزار احمد سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ 

سندھ ہائیکورٹ نے سراج درانی سمیت 9 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے 16 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ آغا سراج درانی و دیگر ملزمان کے آمدن اور اثاثوں میں فرق دستاویزات سے بھی ظاہر ہوتا ہے ایسی صورت میں ضمانٹ منظور کرنا ریفرنس پر اثر انداز ہونے کے مترادف ہوگا لہٰذا ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کی جاتی ہیں۔

دریں اثناء قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کی گرفتاری کیلئے کراچی میں انکے گھر پر چھاپا مارا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ سے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد آغا سراج درانی کی گرفتاری کیلئے نیب ٹیم انکی رہائشگاہ پہنچ گئی۔ 

ذرائع کے مطابق آغاسراج درانی کی گرفتاری کیلئے نیب نے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں، نیب کی لیڈی سرچرز بھی آغا سراج درانی کے گھر کے باہر پہنچ گئیں، نیب کی ٹیم آغا سراج درانی کے گھر کے باہر موجودہے۔ ڈی ایچ اے میں آغا سراج کی رہائش گاہ کے اطراف نیب نے ناکے لگا کراطراف کی گلیوں کا گھیرائو کر لیا۔

سراج درانی کی رہائش گاہ کے اطراف ڈبل کیبن گاڑیوں اور پولیس موبائلوں میں سرکاری اہلکار موجود تھے ،تاہم وہ کئی گھنٹے گھر کے باہر رہنے کے باوجود انھیں گرفتار نہیں کر سکے ، سراج سیکورٹی گارڈز نے نیب اہل کاروں کو گھر کے اندر جانے سے روکے رکھارات گئے۔ 

تاہم کئی گھنٹے کے بعد آغا سراج درانی کی فیملی نے نیب کو گھر میں مشروط طور پر داخلے کی اجازت دے دی۔گھر کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اُن کے بیٹے آغا شہباز درانی نے کہا کہ نیب کو گھر میں داخلے کی مشروط اجازت دے دی ہے ۔

تازہ ترین