• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری عامر یاسین نے پابند سلاسل رہ کر بھاری اکثریت سے الیکشن جیت کر تاریخ رقم کردی، کشمیری رہنما

لوٹن (شہزاد علی) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین کے صاحبزادے آزاد کشمیر کے حلقہ چڑھوئی سے پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار عامر یاسین نے جیل سے الیکشن بھاری اکثریت سے جیت کر نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل چوہدری محمد اشرف، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کشمیر فورم برطانیہ چوہدری محمد بشیر، پی پی لوٹن کے چوہدری محمد عظیم، لالہ چوہدری محمد تاج سمروڑ اور الحاج چوہدری محمد نواز سمروڑ نے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل چوہدری محمد یاسین نے بیک وقت دو حلقوں سے اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان کی حکمران جماعت پی ٹی آئی اور آزاد کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ نواز کی حکومتوں کی شدید مخالفت کے باوجود بیک وقت کامیابی حاصل کر کے کوٹلی کی نئی تاریخ رقم کردی تھی۔ اب ان کے صاحبزادے عامر یاسین جو بوجوہ اسیر ہیں نے جیل سے الیکشن لڑ کر واضح اکثریت سے جیت اپنے نام کرلی ہے۔جس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا فلسفہ آج بھی کوٹلی اور چڑھوئی میں مقبول ہے اور مخالفین کے ہر طرح کے پروپیگنڈے اور ترغیبات کو چڑھوئی کے ووٹرز نے مسترد کر دیا۔ دریں اثناء چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کشمیر فورم یوکے چوہدری محمد بشیر جو چوہدری محمد یاسین کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لئے برطانیہ سے ایک وفد لے کر آزاد کشمیر گئے تھے، جنگ سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی جس مقصد کے لئے آزاد کشمیر گئے تھے اس میں شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ہمارے امیدوار چوہدری محمد یاسین نے نہ صرف چڑھوئی میں اپنی نشست برقرار رکھی بلکہ کوٹلی کے نئے حلقہ سے بھی کامیابی حاصل کی پھر چڑھوئی میں ان کی چھوڑی گئی نشست پر ان کے صاحبزادے عامر یاسین نے ایم ایل اے بننے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ چڑھوئی کے غیور اور باشعور عوام نےواضح کر دیا کہ انہیں نہ تو پیسے کے زور پر خریدا جاسکتا ہے نہ ڈرا ددھمکا کر ووٹ لیے جاسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے چڑھوئی کے حلقہ کو پراگندہ کرنے کی جو سازش کی اس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ مخالفین کی صفوں سے جو اچھے سیاسی ورکرز تھے وہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں جس وجہ سے بھی شاندار کامیابی عامر یاسین کے حصے میں آئی ۔ لوٹن کونسل کے ایک سابق ڈپٹی لیڈر اور لوٹن کے پہلے پاکستانی اوریجن مئیر کا اعزاز حاصل کرنے والے چوہدری محمد اشرف نے آزاد کشمیر سے فون پر رابطہ کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں عوام کی اکثریت بدستور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی فلاسفی کو ہی آزاد کشمیر کے عوام کی بہتری میں سمجھتی ہے، لوگوں میں پی پی کے لیے نہایت اچھے جذبات پائے جاتے ہیں حالیہ عام انتخابات میں پی پی نے قابل ذکر کامیابی حاصل کی ہے خاص طور پر ان کا آبائی حلقہ چڑھوئی پی پی کا لاڑکانہ محسوس ہوتا ہے، چوہدری محمد اشرف ابھی مزید کچھ عرصہ وطن میں قیام کریں گے ۔

تازہ ترین