• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواب بگٹی قتل کیس:مشرف کے پیش نہ ہونے پر عدالت برہم

کوئٹہ (نمائندہ جنگ )بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس محمد ہاشم کاکڑ پر مشتمل بینچ نے بلوچ قوم پرست رہنماء نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں نامزد سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت میں پیش نہ ہونے پر اظہار برہمی جبکہ دوسرے نامزد ملزمان سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، سابق گورنر بلو چستا ن اویس احمد غنی اور اور سابق ڈی سی او ڈیرہ بگٹی عبدالصمد لاسی کو مفرور قرار دینے کے حوالے سے اخبارات میں اشتہار دینے کاحکم دیا ہے ۔نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے مقدمے میں نامزد ملزمان کو بری کرنے کے خلاف ان کے صاحبزادے نوابزدہ جمیل اکبر بگٹی کی جانب سے دائر ایک آئینی پٹیشن کی سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سیکورٹی اور خرابی صحت کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ اگر حالات ٹھیک نہیں ہے تو کیاہم اپنے فرائض  نجام نہ دیں، پرویز مشرف سمیت سب کیلئے ملک کاقانون  برابر ہے اور ہر ایک کو قانون کی پاسداری کرنی چاہئے ۔جسٹس محمدہاشم کاکڑ نے کہا کہ یہ ایک اہم نوعیت کا کیس ہے اور اس میں کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں  اور اس کیس میں ہر حوالے سے قانونی پہلووں کا جائزہ لیا جائیگا ۔بعد ازاں عدالت نے مقدمے میں نامزد دوسرے ملزمان سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، سابق گورنر اویس احمد غنی اور سابق ڈی سی او ڈیرہ بگٹی عبدالصمد لاسی کو عدالت میں پیش نہ ہونے پر انہیں مفرورقراردینے کے حوالے سے اخبارات میں اشتہار دینے کاحکم دیتے ہوئے سماعت ستمبر کے پہلے ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی۔
تازہ ترین