• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رینجرز اختیارات سے تجاوزاورلانڈری کا کام کر رہی ہے، اعتزازاحسن

اسلام آباد(این این آئی، جنگ نیوز) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ رینجرز سندھ اختیارات سے تجاوز اور لانڈری کا کر رہی ہے، یہ تاثر ابھر رہاہے کہ جو بھی رینجرز کے پاس جاتا ہے،ڈرائی کلین ہوکر واپس آتاہے، فاروق ستار رینجرز تحویل میں جانے سے پہلے اپنے قائد سے لاتعلقی کا بیان دیتے تو زیادہ فائدہ ہوتا، ایم کیوایم کے قائد کیخلاف کارروائی کیلئے حکومت کو خود برطانیہ سے رابطہ کرنا ہوگا، پاناما لیکس کا معاملہ کسی صورت دبنے والا نہیں، آئندہ چند روز میں معاملے پر نیا موڑ آنے والاہے۔ پیر کو یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ ایم کیو ایم اب بھی الطاف حسین والی ہی جماعت ہے،فاروق ستار رینجرز تحویل میں جانے سے پہلے اپنے قائد سے لاتعلقی کا بیان دیتے تو زیادہ فائدہ ہوتا، کراچی میں رینجرز اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہی ہی اور یہ تاثر ابھر رہاہے کہ کراچی میں رینجرز نے ڈرائی کلینگ کی فیکٹری لگارکھی ہے جو بھی رینجرز کے پاس جاتا ہے وہ ڈرائی کلین ہوکر واپس آتاہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کے یہ اقدام قائد ایم کیو ایم اور انکے عسکری ونگ کو جلا بخشیں گے۔ ایم کیو ایم کے غیر قانونی دفاترگرائے جائیں تاہم قانونی دفاتر کے خلاف کارروائی نہ کی جائے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ پاناما لیکس کا معاملہ کسی صورت دبنے والا نہیں، جو سمجھتا ہے کہ یہ معاملہ دب جائے گا یہ اس کی بھول ہے، آئندہ چند روز میں اس معاملے پر نیا موڑ آنے والاہے، ہمارے پاس وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کی جانب سے لندن کے ون ہائیڈ پارک میں خریدی گئی جائیداد کی دستاویزات آگئی ہیں جو کہ انکے مئے فیئر اپارٹمنٹس سے بھی مہنگے ہیں، ان دستاویزات کے مطابق حسین نواز نے ون ہائیڈ پارک میں جائیداد کا سودا 4 کروڑ 25 لاکھ برطانوی پاؤنڈ میں کیا۔
تازہ ترین