• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے مالیاتی ایوارڈ کو 31 دسمبر تک حتمی شکل دی جائے گی، اسحٰق ڈار کا وزرائے اعلیٰ سے وعدہ

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی ) ایوارڈ کی مانیٹرنگ کیلئےسہ ماہی بنیادوں پر اجلاس کے انعقاد کی منظوری دے دی ‘این ایف سی ایوارڈ کی مانیٹرنگ کیلئے آئندہ اجلاس اکتوبر میں ہوگا جبکہ وزیرخزانہ نے صوبوں سے وعدہ کیاکہ نیشنل فنانس کمیشن کا سیکریڑی خزانہ سطح کا اجلاس 5ستمبر کو لاہو ر میں ہوگاجس میں نئے مالیاتی ایوارڈ کو 31دسمبرتک حتمی شکل دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے نیشنل فنانس کمیشن سے متعلق جولائی تا دسمبر 2015ء کیلئے پہلی ششماہی مانیٹرنگ رپورٹ کی باضابطہ منظوری دیدی‘ اس حوالے سے ایک اجلاس منگل کو یہاں اسلام آباد میں ہوا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور چاروں صو بو ں کے سیکرٹریز خزانہ اور نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی‘ اجلاس میں کسی صوبے کی جانب سے بھی ر پو ر ٹ میں وفاقی کھاتوں اور مجموعی وصولیوں سے متعلق اعداد و شمار پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا جس کے بعد وزیر خزانہ نے رپورٹ کی منظوری دی‘ یہ رپورٹ بدھ کو مزید کارروائی کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ارسال کی جائے گی۔ مانیٹرنگ رپورٹ برائے این ایف سی کے مطابق جولائی تا دسمبر 2015ءکے عرصہ کے دوران ایف بی آر کی وصولیوں کا مجموعی حجم 1448.79 ارب روپے رہا جبکہ قابل تقسیم محاصل 1415.17 ارب روپے رہے۔ رپورٹ کے مطابق قابل تقسیم محاصل میں سے صوبہ پنجاب نے 51.74 فیصد، صوبہ سندھ نے 24.55 فیصد، خیبر پختونخوا نے 14.62 فیصد جبکہ بلوچستان نے 9.09 فیصد فنڈز وصول کئے۔ اس کے علاوہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے خیبر پختونخوا کو 14.02 ارب روپے اور بلوچستان کو 5.47 ارب روپے اضافی دیئے گئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے این ایف سی کا آئندہ اجلاس جلد از جلد منعقد کرانے کی ضرورت پر زور دیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سہ ماہی اور ششماہی دونوں اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔اجلاس کے بعد سندھ کے وزیر اعلیٰ مر ا د علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے این ایف سی اجلاس دسمبر تک منعقد کرنے کا ہمارا مطالبہ مان لیا ہے اور اب صوبے آئندہ سال کے لیے نئے ریونیو بجٹ کی تیا ر ی کرسکیں گے ۔
تازہ ترین