• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت بلوچستان سے پاکستان زندہ باد کے نعرے سنتا رہیگا،پرویز رشید

لاہور( ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کر رہا ہے اور اگر سری نگر میں سکون نہیں ہے تو نئی دلی میں بھی چین نہیں ہو سکتا، بھارتی وزیراعظم ہمیں تنہا کرنے کی باتیں کر رہے ہیں لیکن دنیا میں ظلم کرنیوالا تنہا ہوتا ہے، بلوچستان میں بغاوت کے خواب دیکھنے والا بھارت جان لے کہ بلوچستان میں ایک بھی ایسی آواز نہیں جس سے مودی سرکار کو خوشی مل سکتی ہے ،اصل میں بلوچستان سے پاکستان زندہ آباد کے نعرے ان کو اچھے نہیں لگتے لیکن وہ بلوچستان سے پاکستان زندہ باد کے نعرے سنتے رہیں گے۔ قومی دن پر سب سے بڑا قومی پرچم بلوچستان میں لہرایا گیا۔بلوچستان کے ہر کالج ، ہر میدان میں پاکستانی جمع ہوکر وطن کا قومی ترانہ گاتے ہیں اور گاتے رہیں گے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم ہمیں تنہا کرنے کی باتیں کر رہے ہیں لیکن دنیا میں ظلم کرنیوالا تنہا ہوتا ہے اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل ظلم و ستم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کے غصے کو ٹھنڈا کرے اور مقبوضہ کشمیر میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، اگر سری نگر میں چین نہیں ہو گا تو نئی دلی میں بھی چین نہیں ہوگا۔روس اور چین خطے کی بڑی اقتصادی اور فوجی قوت ہیں ان سے اچھے تعلقات کا مطلب خطے میں امن قائم کرنا ہے ۔ پر پرویز رشید  نے کہا کہ عمران خان 30 ستمبر کو رائیونڈ میں میلا سجائیں گے اور اکتوبر میں خالی ٹھیلا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اپنی سیاست اور سیاسی جماعت کا بیڑہ غرق کرنے کا جو ہنر عمران خان کے پاس ہے وہ کسی کے پاس نہیں،پاکستان تحریک انصاف غیر سیاسی جماعت ثابت ہو چکی ہے ،عمران خان کو جواب اب ہماری جونیئر ٹیم ہی دے گی۔پرویز رشید کا کہناتھا کہ سی پیک منصوبہ نہ تو پاکستان کے لئے ہے اور نہ ہی چین کے لئے یہ منصوبہ پوری دنیا کے لئے ہے۔بھارت کی مخالفت کا مطلب پوری دنیا سے مخالفت ہے۔
تازہ ترین