• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیومن ویلفیئر ایسوسی ایشن جرمنی کے زیراہتمام ہائیڈل برگ میں مشاعرہ

فرینکفرٹ(نمائندہ جنگ)ہائیڈل برگ جرمنی کا وہ خوبصورت شہر ہے جسے علامہ محمد اقبال نے جرمنی میں اپنے قیام کیلئے چنااوروہیں قیام کیا۔ ہائیڈل برگ میں علامہ اقبال کا گھرآج بھی ان کے زیر استعمال فرنیچر کے ساتھ موجود ہے اور جرمن آثارِ قدیمہ کی وزارت نے اس کے مرکزی دروازے پر علامہ محمد اقبال کے نام کی تختی آویزاں کر رکھی ہے اوردریائے نیکر کے کنارے ایک سڑک کو ’’اقبال اُوفر‘‘ کے نام دے کر جرمن حکومت نے عظیم فلاسفر علامہ اقبال کو شہر ہائیڈل برگ کا ہمیشہ کے لئے حصہ بنا دیا ہے۔دریا کے اسی کنارے پر پارک میں علامہ اقبال کی ایک نظم ڈیڑھ میٹر اونچی ’’پتھر کی سل ‘‘جرمن زبان میں ترجمے کے ساتھ موجود ہے جو ہر گذرنے والے کو شاعرِ مشرق کی یاد دلاتی ہے۔ڈاکٹر تقی عابدی نے دریا کے اس کنارے کو ’’مقامِ اقبال‘‘کا نام دیا اوراب دنیائے ادب میں دریا کا یہ کنارا ’’مقامِ اقبال‘‘ کے نام ہی سے جانا جاتا ہے۔ ہیومن ویلفیئر ایسوسی ایشن جرمنی نے پچھلے 9سال کے تواتر سے امسال بھی دریا کے کنارے ہری بھری گھاس کے مخملیں لان کو سفید چاندنی اور گائو تکیوں سے سجا کر 10 ویںفرشی نشست کا اہتمام کیا۔جس کی صدارت ڈاکٹر تقی عابدی، مہمان خصوصی ندیم احمد ( قونصل جنرل ) اور مہمانان اعزازی ڈاکٹر مصباح الرحمن(ریسرچ سکالر گوئٹے یونیورسٹی فرینکفرٹ) ڈاکٹرحسنین بخاری(ائر فورٹ یونیورسٹی) کے علاوہ جرمنی کے معروف شعراء اور کثیر تعداد میںسامعین نے شرکت کی۔یہ نشست شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کی یاد میں منائی گئی جس میں ’’پیغامِ اقبال اور عصری مسائل‘‘ کے موضوع پر گفتگو ہو ئی اور پھر بھرپور شاعری کی محفل سجی۔اسی سلسلے کی دوسری نشست شام 5 بجے شام فرینکفرٹ میں مولانا الطاف حسین حالیؔ کی صد سالہ تقریبات کے سلسلے میں ہو ئی جس میں ڈاکٹر تقی عابدی کے تازہ ترین ادبی شہ پارںکلیاتِ حالی،حالی فہمی،مسدس حالی کی رسم اجرا ہو ئی،اور مولانا الطاف حسین حالی کی اردو ادب کے لئے لازاول خدمات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ بعد ازاں شعرائے کرام نے اپنے کلام سے محفل کو چارچاند لگا دئے۔ ہیومن ویلفیئر ایسوسی ایشن جرمنی کے سید اقبال حیدر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ جرمنی میں اسی طرح اردوادب کے لئے خدمات سرانجام دیتے رہیں گے تاکہ ہماری آئندہ نسلوں کو یہ ادبی سرمایہ منتقل ہو سکے۔
تازہ ترین