• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب پاور پلانٹ کیلئے کوئلے کی درآمد سے شدید ماحولیاتی آلودگی کا خدشہ، منگل کو اجلاس طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر  ) پنجاب میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کیلئے  بیرون ملک سے پورٹ قاسم کراچی کوئلے لانے کی تیاریاں مکمل ، پورٹ قاسم انتظامیہ نے اسٹیل ملز سے 70ایکڑ زمین خرید لی ، کوئلہ  پورٹ قاسم  جے ٹی سے اسٹیل یارڈ منتقل  کرنے کیلئے ساڑھے4 کلو میٹر کنویئر کی تیاری شروع ، کوئلے کی منتقلی سے شدید ماحولیاتی آلودگی پھیلنے کا خطرہ ، صنعت کاروں ، ماحولیاتی تنظیموں اور متصل آبادیوں کے مکینوں کی جانب سے احتجاج کا اعلان  پر محکمہ ماحولیات نے منگل کو اعتراض سننے کیلئے اجلاس طلب کرلیا ، مقامی تنظیموں کی جانب سے پیر کورزاق آباد میں اجلاس طلب ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے علاقے فیصل آباد اور سرگودھا کے مقام پر کوئلے سے چلائے جانے والے  پاور پلانٹس کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے ، اس سلسلے میں بیروں ممالک سے  سمندری راستے بڑے پیمانے پر کراچی  پورٹ قاسم پر کوئلے کی ترسیل کے تمام مراحل مکمل کرلیے گئے ہیں ، پورٹ قاسم انتظامیہ  نے اس سلسلے میں اسٹیل ملز سے ستر ایکڑ زمین حاصل کرلی ہے ، یہاں کوئلہ جمع کیا جائیگا جہاں سے ریل کے راستے کوئلہ پنجاب بھیجا جائیگا ، اس سلسلے میں پورٹ قاسم سے اسٹیل مل یارڈ تک ساڑھے چار کلو میٹر کنویئر کی تنصیب کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے ، پورٹ قاسم کے علاقے میں قائم صنعتوں ، مقامی آبادیوں کے مکینوں اور سماجی تنظیموں نے کوئلے کی آمد اور  پنجاب منتقلی کے مراحل میں خطرناک ماحولیاتی آلودگی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے ، مقامی صنعت کاروں نے حکومت سندھ، محکمہ ماحولیات کو لیٹر تحریر کرکے اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے جس کے جواب میں  محکمہ ماحولیات نے ماحولیاتی اثرات کے متعلق منگل 25اکتوبرکو  اجلاس طلب کرکے عوام سے تجاویز مانگ لی ہیں، علاقے کے سماجی رہنما خدا ڈنو شاہ نے صحافیوں کو بتایا کہ بڑے پیمانے پر کوئلے کی منتقلی  سے اڑنے والے دھنویں اور ذرات گلشن حدید ، پپری ، اسٹیل ٹاؤن و ملحقہ آبادیوں سمیت سمندری حیات کیلئے شدید خطرہ بن جائیگا ، انہوں نے کہا کہ پہلے سے موجود صنعتی علاقوں سے خارج زہریلے مواد سے بچاؤ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں اوپر سے کوئلے کا دھواں رہی سہی کسر بھی پوری کردیگا ، انہوں نے اعلان کیا کہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے علاقہ مکینوں کا مشترکہ جرگہ پیر کے روز رزاق  آباد میں بلایا گیا ہے جہاں لائحہ عمل تشکیل دیا جائیگا ۔
تازہ ترین