• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالج آف نرسنگ جے پی ایم سی میں صرف 4 انسٹرکٹرز تعینات

کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر)کالج آف نرسنگ جے پی ایم سی میں سیکڑوں طلبا کو پڑھانے کےلئے صرف 4انسٹرکٹرز تعینات ہیں جس کے باعث طلبا کی پڑھائی متاثر ہو رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کالج میں 20گریڈ کے پرنسپل کی ایک اسامی ، 19گریڈ کی وائس پرنسپل کی ایک اسامی ، 18گریڈ کے کلینیکل انسٹرکٹرکی 4اسامیاں، 17گریڈ کے نرسنگ انسٹرکٹر کی 8اسامیاں اورلیڈی سپروائزر کی ایک اسامی سمیت دیگر کئی اسامیاں خالی ہیں ۔ذرائع کے مطابق کالج میں منظور شدہ اسامیوں میں سے صرف 4نرسنگ انسٹرکٹر کی اسامیاں ایسی ہیں جن پر انسٹرکٹرز تعینات ہیں ۔ کالج میں بیچلرز آف سائنس ان نرسنگ کے تین بیچ کے 200طلبا زیر تعلیم ہیں جبکہ مختلف شعبوں میں اسپیشلائزیشن کے 100طلبا بھی زیر تعلیم ہیں جنہیں پڑھانے کےلئے 4اساتذہ ناکافی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق کالج میں کلاسیں بھی باقائدگی سے نہیں ہوتیں جس سے طلبا کی پڑھائی متاثرہوتی ہے اور اس کا خمیازہ انہیں امتحانات میں ناکامی کی صورت میں بھگتنا پڑ تا ہے۔ ذرائع کے مطابق جناح اسپتال میں ایسے کئی نرس موجود ہیں جنہوں نے ماسٹرز ان نرسنگ کر رکھا ہےجو طلبا کو پڑھانے کی اہلیت بھی رکھتے ہیں اور انہیں کالج میں تعینات بھی کیا جاسکتا ہے لیکن اس مسئلے کو حل کرنے کےلئے جناح اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں ۔ اس سلسلے میں اسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید جمالی کا کہنا تھا کہ اسپتال میں سیکڑوں اسامیاں خالی ہیں جنہیں پر کرنا چاہتے ہیں لیکن عدالت کی جانب سے پابندی کے باعث کچھ نہیں کر پارہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کالج میں طلبا کو پڑھانے کے لئے وقتاً فوقتاً عارضی اساتذہ کی خدمات حاصل کر تے رہتے ہیں ۔جب پابندی اٹھ جائے گی تو تمام اسامیوں کو پر کر دیا جائے گا۔ 
تازہ ترین