• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضمنی انتخابات میں جے یوآئی کو زیادووٹ ملنے کا تاثر غلط ہے،امتیاز شیخ

شکارپور(نامہ نگار) یہ تاثر غلط ہے کہ ضمنی انتخابات میں جے یو آئی کے امیدوار نے بہت زیادہ ووٹ حاصل کئے ہیں بلکہ انہوں نے 10جماعتی اتحاد سمیت اپنے کچھ چُھپے ہوئے حمایتیوں کی مدد سے یہ ووٹ حاصل کئے ہیں جن کاشاید وہ نام لینا بھی گوارا نہیں کرتے۔ صاف اور شفاف انتخابات کے ذریعے اس شہر کے عوام نے ایک بار پھر جے یو آئی کو مسترد کردیا ہے جس پر وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں جنہیں ہم مکمل طور پر رد کرتے ہیں۔ان خیالات کااظہار پیپلز پارٹی رہنماونو منتخب رکن سندھ اسمبلی امتیاز احمد شیخ نےاپنی رہائشگاہ شکارپور ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران رینجرز اور پولیس اہلکاروں سمیت الیکشن کمیشن کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے انتخابی عمل کوخوش اسلوبی سے تکمیل تک پہنچایا۔ جے یو آئی کی خواہش پر الیکشن کمیشن کی جانب سے سارے پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ ہارنے کے بعد دھاندلی کے الزمات لگانا سمجھ سے بالا تر ہے۔مولانا صاحب جس سیاسی فرشتے کی بات کر رہے ہیں ،اگر اس نے اپنی پارٹی کے خلاف کوئی وعدہ کیا تھا تو اس نے اپنی پارٹی سے غداری کی اور غدار فرشتہ نہیں ہوتا۔ انتخابات کے دوران پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے کی جو شکایات موصول ہوئی ہیں وہ سب پارٹی قیادت کے سامنے رکھی جائیں گی۔صوبائی وزارت ملنے کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت ملتی ہے یا نہیں یہ پارٹی قیادت کا فیصلہ ہوگاجو دونوں صورتوں میں مجھے قبول ہوگا۔پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سمیت دیگر رہنما انتخابات کے دوران میری حوصلہ افزائی کے لئے میرے شانہ بشانہ تھے۔ پی پی رہنماؤں، کارکنوں اور دیگر جماعتوں کے رہنما جنہوں نے انتخابات میں میری حمایت کی ان سب کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔
تازہ ترین