• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیپ کئے گئے ٹیلیفونز میں 98فیصد دہشتگردی کے شبے میں ہیں، آئی بی

اسلام آباد ( آن لائن ) سینیٹ قائمہ کمیٹی استحقاق و قواعد و ضوابط کے اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو آفتاب سلطان نے کمیٹی کے اجلاس میں تسلیم کیا ہے کہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا فون ریکارڈ کیا گیا تھا اور یہ احکامات اسلام آباد سے جاری ہوئے تھے انہوں نے کمیٹی میں انکشاف کیا ہے کہ دہشت گردی کے خدشات کی بناء پر 98 فیصد فون ٹیپ کئے جارہے ہیں اور جو فون ریکارڈ کئے جاتے ہیں اس سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا جاتا ہے،آئی بی نے فون ریکارڈ کے حوالے سے بہت سی دہشت گردی کی وارداتوں کو ناکام جبکہ ملکی سلامتی کو یقینی بنایا ہے، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور موجودہ وزیراعظم میاں نواز شریف کی طرف سے کسی بھی شہری کے فون کو ٹیپ کرنے کی کبھی ہدایت نہیں ملی ہے جبکہ کسی بھی پارلیمنٹرین کا فون ٹیپ نہیں کیا جارہا ہے ،کمیٹی نے آئی جی پنجاب کی جانب سے اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اگلے اجلاس میں ہر صورت حاضر ہونے کی ہدایت کی ہے ۔ کمیٹی کا اجلاس چیرمین سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا اس موقع پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ محکمانہ اتنی کمزوریاں ہیں کہ ایک سابق وزیرخزانہ و نجکاری اور معروف سیاستدان کے بارے میں بھی آگاہی نہیں ہے خفیہ اداروں والے عام آدمی کے کندھوں پر بیٹھے ہوتے ہیں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ خط میرے پاس ثبوت کے طور پر موجود ہے اور کافی عرصہ گزرنے کے باوجود معاملہ زیر التوا ء رہا اگر کوئی معاملہ تھا تو پہلے آگاہ کر دیا جاتا انہوں نے کہاکہ میں حیران ہوں کہ میرے بارے میں کسی کو پتہ نہیں تھا کون ہوں کیا حیثیت ہے اہم ترین ادارہ اور اہلکار بے خبر تھے میرا فون نمبر وزارتوں کی ویب سائٹ پر بھی موجود رہا وزارت کے ٹیلی فون آپریٹر سے فون کر کے تصدیق کی جا سکتی تھی جس پر ڈی جی آئی بی نے کہا کہ نہیں ہونا چاہیے تھا ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا فون ٹیپ کرنے کے احکامات اسلام آباد ہیڈکوارٹر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے دستخط سے کراچی دفتر کو جاری ہو ئے تھے اور چھان بین کے بعد فائل بند کر دی گئی ہے معزز سینیٹر دفتر میں آ کر اطمینان کر لیں،ڈی  جی آئی بی نے سینیٹر مظفر علی شاہ کے سوال کے جواب میں آگا ہ کیا کہ ٹیلی گراف ایکٹ 1885 اورپاکستان ٹیلی کام ایکٹ 1996 کے تحت کابینہ ڈویژن کی ہدایات پر عمل کیا جاتا ہے ۔
تازہ ترین