• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2نومبر پاکستانیوں کی فتح کا دن ثابت ہوگا، میاں ارشد

اینٹورپن (نامہ نگار) تحریک انصاف کے سرکردہ رہنما میاں ارشد نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پاکستانی قوم کے حقیقی مسیحا ہیں جنہوں نے نوجوان نسل کو آگاہی دی، قوم کو عقل دی اور حکومت کو ناکوں چنے چبوا کے اپوزیشن کا ایسا کردار ادا کیا ہے جسے دنیا میں سراہا گیا، بچہ بچہ عمران خان کے گیت گانے لگا جس کی وجہ دراصل یہ ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین ایک نڈر، بے باک لیڈر ہیں، ایسا لیڈر نہ تو آج تک پیدا ہوا اور نہ ہی ہماری قوم کو ملا، انہوں نے دن رات چوگنی محنت کرکے عوام الناس کو حقیقت سے روشناس کرایا۔ کرپٹ حکومت کے کردار سے آگاہی دی اور کرپٹ حکومت کا احتساب کیا، کیونکہ عمران خان محب وطن پاکستانی ہیں، ان کے قریب کرپشن پھٹک نہیں سکتی تو وہ برداشت کیسے کریں گے۔ 2نومبر پاکستانیوں کی فتح کا دن ثابت ہوگا، محب وطن پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ 2نومبر پاکستان کے لیے باہر نکلیں، پاکستان کی ترقی کے لیے عمران خان تحریک کو مضبوط کریں۔ بلجیم و یورپ کے نوجوان عمران خان کی تحریک کو مزید مضبوط بنانے میں پیش پیش ہیں، تحریک انصاف کے کوآرڈینیٹر شیخ ماجد نے دن رات ایک کئے تاکہ ہماری پارٹی ایک مقبول پارٹی بن کر ابھرے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت ہوگی اور ہمارا ملک ترقی کی طرف گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ تحریک انصاف کا ساتھ دیں، تاکہ ملک میں تبدیلی کو ممکن بنایا جاسکے۔
تازہ ترین