• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نساسک کی ناقص کارکردگی کیخلاف سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کی احتجاجی ریلی

سکھر(بیورو رپورٹ) سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کی جانب سے محکمہ نساسک کی ناقص کارکردگی کے خلاف مرچ بازار، پان، منڈی سے گھنٹہ گھر چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر نساسک کے خلاف نعرے درج تھے۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنماؤں نے کہا کہ بھاری تنخواہیں اور مراعات لینے کے باوجود نساسک انتظامیہ شہر میں صفائی ستھرائی کی ذمہ داری انجام دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔ نساسک نے شہر میں صفائی ستھرائی کرنے کے بجائے شہر کو کچرہ کنڈی میں تبدیل کردیا ہے۔ شہر بھر میں گند گی کے ڈھیروں اور اس سے اٹھنے والے تعفن، مفلوج نکاسی نظام اور پینے کا انتہائی بدبودار پانی سپلائی کرنے کی وجہ سے شہری انتہائی اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں، مضرصحت پانی کی فراہمی کی وجہ سے شہری موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ اس کے باوجود منتخب نمائندے ، انتظامیہ شہر میں صفائی ستھرائی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھانے کو تیار نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے متعدد مرتبہ شہر کی بہتری کیلئے انتظامیہ سے ملاقاتیں کر کے شہری مسائل حل کرنے پر زور دیا لیکن انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ،مجبور ہوکر ہم سڑکوں پر نکلے ہیں اور ہماری یہ احتجاجی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک شہری مسائل کے حل کیلئے عملی طور پر اقداما ت نہیں اٹھائے جاتے ۔ انہوں نے کہا کہ نساسک انتظامیہ شہرمیں صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،حکومت فوری طور پر نساسک سے معاہدہ ختم کر کے شہر کی ابتر حالت زار بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرے۔ مظاہرین نے 30اکتوبر اتوار کے روز محکمہ نساسک کے خلاف واریتڑ روڈ پر بھی احتجاج کرنے کا اعلان کیا۔
تازہ ترین