• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی سیاسی قیادت اختلافات ختم کرے، سانحہ کوئٹہ پر مختلف شخصیات کا ردعمل

لندن/ برمنگھم/ہیلی فیکس/ گلاسگو/ وٹفٖورڈ/ ویکفیلڈ (ابرارمغل/ آصف محمودبراہٹلوی/ طاہر انعام شیخ/ زاہد انور مرزا/ نمائندہ جنگ / پ ر) سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس دہشت گردی کے شکار افراد کیساتھ برطانیہ کے کمیونٹی رہنمائوں نےاظہار یکجہتی کیا ۔ قائد اعظم ٹرسٹ برطانیہ کے زیر اہتمام ایک دعائیہ تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ٹرسٹ کے چیئرمین راجہ محمد اشتیاق خان ، تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، نامور سکالر علامہ سید ظفراللہ شاہ، خلیفہ آفتاب سرور سیفی، علامہ پیر مفتی گل رحمن قادری، صاحبزادہ پیر محمد طیب الرحمن قادری، علامہ ساجد ظفر، حافظ محمد سعید، حافظ محمد ادریس، علامہ امداد نعمانی سمیت مختلف اہم شخصیات نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستانی سیاسی قیادت اختلافات ختم کرکے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وجود باقی رکھنے کے لئے عالمی سازشوں کا قلع قمع اشد ضروری ہے۔ دریں اثنا مرکزی جامع مسجد حضرت سخی سلطان باہو میں سجادہ نشین پیر سلطان نیاز الحسن نے شہدا کی مغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کروائی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے اس سانحہ کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے فیصلہ کن اقدامات پر زور دیا، دریں اثناء سابق مشیر حکومت آزاد کشمیر محمد سعید مغل ایم بی ای ، راجہ امجد خان، محمد محفوظ مغل، خواجہ ذوالفقار ، محمد آفتاب، ارشاد عزیر، مشتاق مغل اور دیگر نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔مرکزی جماعت اہلسنت برطانیہ نے سانحہ کوئٹہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بدامنی پھیلانے کی سازش قرار دیا،صدر مرکزی جماعت اہلسنت برطانیہ پیر پروفیسر سید احمد حسین شاہ ترمذی نے سانحہ کوئٹہ کو انسانیت اور ملک میں امن کے مذاق اور بدامنی کو عروج دینے کی ایک بڑی سازش قراردیا ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے امن کے ہی نہیں بلکہ انسانیت کے بھی دشمن ہیں پروفیسر ترمذی نے کہا کہ وہ اس سانحہ میں بڑی تعداد میں اموات پر دلی دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہیں۔جنرل سیکرٹری مرکزی جماعت اہلسنت برطانیہ علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کو نشان عبرت بنایاجائے۔گلاسگو سٹی کونسل میں ڈپٹی ٹولارڈ پرووسٹ کونسلر حنیف راجہ نے کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ کالج میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ان دہشت گردوں کو کیفر کردارتک پہنچانے کے لئے اپنی کاروائیاں تیز کردینی چاہئیں۔ حنیف راجہ نے کہا کہ کوئٹہ کے علاوہ چار سدہ میں بھی سپیشل پولیس کے ایک انسپکٹر کو فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا اور مستونگ میں کسٹمز کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، یہ تمام واقعات اتفاقی ہیں بلکہ ایک گہری سازش کا شاخسانہ ہیں، جس میں پاکستان کے پڑوسی ممالک کا ہاتھ نظرانداز نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا قومی نشانہ بنا ہوا ہے اور اب تک پاکستان کے 70 ہزار سے زیادہ شہری اور سیکورٹی اداروں کے افراد اس کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ سی پیک منصوبے کو کامیاب ہوتا دیکھ کر ان پاکستان دشمن قوتوں کی نیندیں حرام ہورہی ہیں۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ ان دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز اور فوری کاروائی کرے۔ وٹفورڈ کی سیاسی سماجی تنظیموں کے رہنمائوں پروفیسر لیاقت علی خان، امجد امین بوبی ، پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری عبدالمجید ، عوامی مسلم لیگ کے رہنما حاجی محمد منیر، مسلم کانفرنس وٹفورڈ برانچ کے صدر ذوالکفل نوابی ، ریاست بھٹی، ظہیر الدین ، شفقت اقبال تبسم، لال دین بھٹی ، سلیم بھٹی و دیگر رہنمائوں نے کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ ملک میں قانون ، انصاف کی بالا دستی قائم کی جائے، اس دہشت گردی نے جمہوریت کو خطرے میں ٓڈال دیا ہے۔ ان رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملکی حالات کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کی گول میز کانفرنس بلائی جائے اور ملک کی سلامتی کا تقاضہ ہے کہ ملک میں سیاسی حالات کو بہتر بنانے کے لئے مڈٹرم الیکشن کرانے پر غور کیاجائے، ملک میں مسلسل دہشت گردی کے باعث پاکستان کا عالمی سطح پر امیج متاثر ہورہا ہے۔ پاکستان کے اندر دہشت کے باعث مقبوضہ کشمیر کی تحریک بھی متاثر ہورہی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے نام پر سرمایہ دار نظام حکومت مسلط ہے جہاں عوام کو بنیادی حقوق میسر نہیں ہے کچھ قوتوں نے ملک میں ریاست کے اندر ریاست قائم کررکھی ہے۔ فرینڈ لی پارلیمنٹ کے باعث عورت کے حقوق کا تحفظ نہیں ہورہا ہے پاکستان کے حالات تبدیلی کا مطالبہ کررہے ورنہ یہ دہشت گردی ایک انمٹ ناسور بن جائے گی۔ ملک وقوم کے تحفظ کے لئے مڈٹرم انتخابات پر غور کیاجائے۔پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے مرکزی صدرچوہدری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں درندگی انسانیت کیلئے شرمندگی ہے۔شہیدوں کیلئے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ڈھیروں دعائیں نکلتی ہیں ۔امن کیلئے ان کی بینظیرقربانی رائیگاں نہیں جانے دی جائے گی ،ان شہیدوں کاخون ہم پرقرض اوران کے دشمنوں کوکیفرکردارتک پہنچانا ہمارافرض ہے ۔ پشاور کے بعدکوئٹہ میں خون کی ہولی کھیلنے والے شیطانی کردارمختلف نہیں ۔ان دنوں سانحات کے محرکات میں معمولی فرق تھا مگرماسٹرمائنڈ ایک ہی ہے۔ کوئی مہلت کیلئے ان سانحات کے پیچھے نہیں چھپ سکتا ۔بدامنی سے نجات بلاشبہ بدعنوانی کے سدباب سے مشروط ہے۔وہ شہداء کوئٹہ کے بلندی درجات کیلئے اجتماعی دعا میں شریک اوورسیزپاکستانیوں کے ایک نمائندہ اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صف ماتم بچھانے والے کرداروں کوبے نقاب اورانصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے مرکزی صدر سعید بھٹی مرکزی سیکرٹری جنرل چوہدری تبریز اورا،مرکزی سیکرٹری اطلاعات سیّدشان عباس عابدی، مرکزی نائب صدور سیّد مدبر بخاری،سیّدنایاب زیدی اور عمران طاہررضوی ،قاضی طارق اوروقاص مرزانے کہا کہ کوئٹہ کازخم وفاقی حکومت کی نااہلی کاشاخسانہ ہے۔دشمن کودشمن نہ کہنامصلحت نہیں منافقت ہے۔ سانحہ کوئٹہ نے اوورسیز پاکستانیوں کوسوگوار کردیا ،ہمارے دونوں ہاتھ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں شہداء کے درجات کی بلندی اورپسماندگان کیلئے صبر جمیل کیلئے دراز ہیں۔شہیدوں کاخون رائیگاں نہیں جائے گا،ہماری مسلح افواج مادروطن سے دہشت گردی کاناسور مٹادیں گی۔مٹھی بھر دہشت گرد اوران کے گارڈفادر اس قسم کی بزدلی کے بل پرپاکستانیوں کومرعوب نہیں کر سکتے دہشت گردی کے نتیجہ میں قیمتی انسانی جانوں کاضیاع تشویشناک اورقابل مذمت ہے ہم متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اورغم کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے وہ سانحہ کوئٹہ کے شہداء کی یادمیں ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے ،اجلاس میں سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی طورپراجتماعی دعا کی گئی ۔جمعیۃ علماء برطانیہ کے مرکزی کے سرپرست اعلی علامہ عبد الرشید ربانی ،امیر جمعیۃ مفتی محمد اسلم،مولانا قاری محمد اسماعیل ، مولانا اسلام علی شاہ ، مولانا امداد اللہ قاسمی ، مولانا اسلم زاہد، حافظ محمد اکرام،مولانا محمد حسین ،حافظ محمد اکرام الحق ربانی ، قاری ممتاز،مولانا عبد الرشید رحمانی، مفتی خالد محمود، قاری غلام نبی ،مولانا محمد نعیم سواتی ،مولانا قاری شمس الرحمن ،مولانا ادریس،مولانا خورشید، مولانا خالد محمود حسین، مولانا محمد سلیم ، قاری قمر الزمان، مولانا رفیق احمد شاہ، فیض الحسن ،مولانامحمد زمان ، حافظ محمد اشفاق خان ،مفتی محمد حسین ،مولانا ابراہیم ، مولانا عزیزالحق ہزاروی،مولانا نصیب الرحمن، مولانا جمیل احمد ، مولانا عطاء اللہ خان، مولانا قاری عبد الرشید ہزاروی ، حافظ عمرفاروق، بابو مشتاق، ایوب لہر، حاجی قمر عالم،حافظ انور، مفتی طارق خان، قاری حفیظ الرحمن ، مفتی بلال شاہ ، مولانا عبداﷲ، مولانا عمر فاروق ، مولانا رشید راجہ ، قاری محمد نیاز، ڈاکٹر اشرف لہر، مولانا حمیدالرحمن ، قاری عاصم درانی ، حاجی شیر اعظم ، مولانا عبدالرشید رحمانی ،مفتی طارق علی شاہ،مولانا عبد الکریم شاہ ، مولانا خالد،حافظ اظہرقاری حضرت علی، قاری انعام الحق نے کہا کہ ہم کوئٹہ کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس واقعہ کو درندگی تصور کرتے ہیں۔ بے گناہ انسانوں کا قتل حرام اور گناہ کبیرہ ہے ۔کوئی مسلمان اس میں ملوث نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے چینی دوست کے ساتھ مل کر ترقی کی منزلوں کی طرف بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان دشمن لوگ اپنے مقاصد کی خاطر مختلف جہتوں سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں ۔ خفیہ ادارے دعوؤں اور الزامات کو چھوڑ کر پاکستان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اصل مجرموں کی طرف بڑھنے کی کوشش کریں۔ ملک سے باہر پاکستانی اپنے ملک کی حفاظت کیلئے دعا کرتے رہیں کہ اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے۔
تازہ ترین